پنجاب کے ضلع اٹک میں سونے کے ذخائر دریافت ہو گئے۔صوبائی وزیر کان کنی و معدنیات ابراہیم حسن مراد نے دعویٰ کیا ہے کہ اٹک سونے کے ذخائر دریافت ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ سونے کے ذخائر کا کل وزن 28 لاکھ تولہ ہے۔ایک محتاط اندازے کے مطابق 600 ارب روپے کا ریونیو جنریٹ ہوگا ۔ اس حوالے سے جیو لوجیکل سروے آف پاکستان کی رپورٹ مکمل ہو گئی ہے۔
ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پلیسر گولڈ کے 09 بلاکس کی نشاندہی ہو چکی ہے جنکی جلد نیلامی کردی جائے گی۔ جیولوجیکل سروے پاکستان نے 127 سیمپلز کا معائنہ کیا۔ سیمپلز میں گولڈ کے ساتھ زنک، سلور، نکل، میگنیز، کاپر وغیرہ کی نشاندہی بھی ہوئی ہے۔ادھر سندھ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر سے پیدوار شروع ہو گئی ۔
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مقامی سطح پر تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافہ ہوگیا ہے اور ٹنڈوالہیار میں درس ویسٹ کنواں سے 350 بیرل تیل اور گیس کی پیداوار شروع ہوگئی ہے۔
درس ویسٹ کنواں2 سے 80 لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس اور 20 میٹرک ٹن یومیہ ایل پی جی کی اضافی پیداوار بھی شروع ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی اضافی پیداوار سے سالانہ ملکی درآمدی بل میں تقریباً 5 کروڑ امریکی ڈالر کی خاطر خواہ کمی ہو گی۔ دوسری جانب پاکستان میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تیل و گیس کی تلاش کیلئے نگران حکومت نے نئے معاہدے کیے ہیں جس سے ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہونے کا امکان ہے۔ ملک میں تیل و گیس کی تلاش کے لئے 8 بلاکس میں معاہدوں پر دستخط ہو گئے ہیں، تیل و گیس کرنے والی کمپنیاں 3 سال میں 3 کروڑ 33لاکھ ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کریں گی۔