الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پربیلٹ پیپر کی پرنٹنگ، سائز بارے گردش ویڈیو گمراہ کن ہے، بیلٹ پیپر ہمیشہ سے امیدواروں کی تعداد کے لحاظ پرنٹ کیا جاتا ہے، اور سنگل، ڈبل، ٹرپل کالم اور اردو حروف تہجی کی ترتیب میں پرنٹ ہوتا ہے، اس دفعہ بھی اسی ترتیب سے بیلٹ پیپر پرنٹ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ معلوماتی ویڈیوز الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ اور یو ٹیوب چینل پر موجود ہی
ووٹرز کو الیکشن کمیشن کی جاری کردہ آگاہی ویڈیوز سے استفادہ کرنا چاہیے، اور گمراہ کن ویڈیوز سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام 859 انتخابی حلقوں کیلئے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل کرلیا تھاجس کے بعد ملک بھر میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل مکمل کرلیا گیا تھا۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام تینوں سرکاری پریس اداروں میں مکمل کر لیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ2018 کے عام انتخابات میں 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے تھے اور اس پر 800 ٹن اسپیشل سکیورٹی کاغذ استعمال ہواتھا جبکہ 2024 کے عام انتخابات کیلئے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں جس پر 2,170 ٹن کاغذ استعمال ہوا ہے۔جس کی بڑی وجہ انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی بڑھی ہوئی تعداد ہے جوکہ2018ء کے انتخابات کے مقابلے میں ڈیڑھ سو گنا زیادہ ہے۔ ترجمان کے مطابق زیادہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی بڑی وجہ انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہے جو کہ 2018 کے انتخابات کے مقابلے میں ڈیڑھ سو گنا زیادہ ہے