کراچی میں بارش سے نظام درہم برہم ہوگیا، مختلف شاہراہوں اور انڈر پاسز میں پانی جمع ہوگیا۔ ٹریفک جام سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جب کہ برسات کے بعد کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ اس کے علاوہ حیدر آباد میں بھی بارش کے بعد بجلی غائب ہوگئی۔
سرجانی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں تیز بارش ہوئی، جبکہ ہاکس بے، ماڑی پور روڈ اور اطراف کےعلاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔
اس کے علاوہ تیسر ٹاون، نیوکراچی، نارتھ کراچی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، صفورا اور یونیورسٹی روڈ پر بارش ہوئی۔
اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاون، سعید آباد ، کلفٹن، ڈیفنس،کیماڑی، لانڈھی، کورنگی، صدر،ٹاور، اولڈسٹی ایریا ، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا اور ملحقہ علاقوں میں بھی بادل برسے۔
بارش کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
مختلف شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ انڈر پاسز میں بھی پانی جمع ہوگیا۔
اہم شاہراہوں پر ٹریفک بھی جام ہوگیا۔ جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شہر قائد میں بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوئی۔
بارش کے بعد حادثات
کراچی میں کشمیر روڈ پاک چائنا پارک کی دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔
64 سالہ جنید اور 35 سالہ وسیم کو ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
اس کے علاوہ ایک عمارت کا چھجا گرنے کی اطلاع موصول ہوئی تاہم کسی معتبر ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔
ابتدائی طور پر ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ شہر میں اب تک کسی عمارت گرنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، ریسکیو ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں میں عوام کی مدد کیلئے موجود ہیں۔
واٹر کارپوریشن میں ایمرجنسی نافذ
سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے شہر بھر میں بارش کے پیش نظر واٹر کارپوریشن میں ایمرجنسی نافذ کی۔
ترجمان کے مطابق چیف انجینئر سیوریج کو تمام جیٹینگ و سکشن مشینوں کو ہمہ وقت تیار رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
تمام ایگزیکٹو انجینئرز کو اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہنے اور اہم شاہراہوں پر مشینری پہنچانے کی ہدایت کی گئی۔
دوسری طرف حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔
بارش کے بعد سے شہر بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔ حیدر آباد میں بھی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بارش ہوئی تھی۔