ملک بوستان نے آنے والے دنوں میں امریکی کرنسی ڈالر کی قدر میں ناقابل یقین کمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے ڈالر رکھنے والوں کو خبردار کردیا۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت کی جانب سے ڈالر کے ذخیرہ اندوزوں، بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد اور اسمگلرز کیخلاف کارروائی کے بعد ملکی ترسیلات زر میں 10 سے20 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ کریک ڈاون سے قبل ایکس چینج کمپنیوں کو روزانہ 5 ملین ڈالرز ملتے تھے لیکن اب انہیں 15 ملین ڈالرز مل رہے ہیں یعنی اس میں 200 فیصد اضافہ ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ کے ریٹس میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کے ذخیرہ اندوزوں، بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد اور اسمگلرز کیخلاف حالیہ کارروائی کے نتیجے میں بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد اور بینکوں کے درمیان گٹھ جوڑ بے نقاب ہوا ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ڈالرزکی بڑی تعداد مختلف بینکوں کے لاکرز میں رکھی گئی تھی اور بینکوں کا عملہ بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے ساتھ مل کر یہ ڈالرز حوالہ اور ہْنڈی میں استعمال کرتے تھے، اگر کارروائی جاری رہی تو ڈالر 250 روپے سے نیچے آجائے گا۔