عمران خان نے سوال کیا ہے کہ انتخابی مہم کیلئے نکلوانے والا نواز شریف بتائے 16 ماہ تک کن ریلو کٹوں کی حکومت تھی؟۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا کہ 16 ماہ میں معیشت کا بیڑا غرق ہوا، ترقی کی شرح 0 کر دی گئی، 12 فیصد کی مہنگائی 38 فیصد پر لے گئے، 15 لاکھ ہنرمند پاکستانی ملک چھوڑ گئے، انتخابی مہم کیلئے نکلوانے والا نواز شریف بتائے 16 ماہ تک کن ریلو کٹوں کی حکومت تھی؟۔
عمران خان نے کہا کہ ریلو کٹوں کی کھچڑی کا مقصد کنٹرول پارلیمنٹ بنانا ہے 19 مارچ سے کہہ رہا ہوں کہ فری اینڈ فیئر الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں ۔ میں نے حکومت بناکر غلطی کی مجھے دوبارہ الیکشن میں جانا چاہیے تھا میں جنرل (ر) قمر باجوہ کی میٹھی باتوں میں آگیا تھا جنرل (ر) باجوہ کو مدت ملازمت میں توسیع دینا میری دوسری غلطی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت سے بہتر ہوگا کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گندے الیکشن سے ملک میں مزید عدم استحکام پیدا ہوگا اقتصادی خسارے کی کمی اور قانون کی بالادستی کے لیے اصلاحات کی ضرورت ہے۔
پاکستان کی فوج ہماری فوج ہے 90 فیصد فوجی پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے، باجوہ نے ایوان صدر ملاقات میں کہا کہ ساری فوج تمہارے ساتھ ہے باجوہ کے فیصلوں نے پاکستان کا بیڑا غرق کیا لیکن فوج کا اس میں قصور نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کسی مارشل لاء کی نرسری میں نہیں پلا، ملک میں غیر یقینی صورتحال ہے ہر روز عوام کا غصہ بڑھتا جا رہا ہے آٹھ فروری کو لوگ اپنا غصہ نکالیں گے اور ان کو بڑا دھچکا لگے گا، جج ہمایوں دلاور کا میچ فکس تھا اس کا دیا گیا فیصلہ معطل ہوگیا پھر بھی مجھے نااہل کر دیا گیا۔
عمران خان نے اڈیالہ جیل سے قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ 8 فروری آزادی اور غلامی میں فرق کا دن ہے، مجھے یقین اور اعتماد ہے کہ میری قوم آزادی کے ساتھ کھڑی ہے، اپنے ووٹ سے پاکستان کی آزادی کو محفوظ بنائے گی۔ انہوں ںے کہا کہ قوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے والا گروہ 8 فروری کو انتخاب پر ڈاکا ڈال کر قوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنا چاہتا ہے، قوم کو غلام بنائے رکھنے کیلئے لندن منصوبے کے تحت ایک سرٹیفائیڈ مجرم کو انصاف کا قتل کرکے وطن واپس لایا گیا ہے، اس سرٹیفائیڈ مجرم کو عوام کی مرضی کے برعکس ملک پر مسلّط کرنے کیلئے عدل کے نظام کو تباہ و برباد اور آئین کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔
انھوں ںے کہا کہ سیاست کے ریلو کٹّے کو میچ جتوانے کیلئے بلّے کا نشان چھین کر اکیلے میدان میں اتارا گیا ہے مگر اس کے باوجود بدترین دھاندلی کی کوششیں کی جارہی ہیں، میری قوم خصوصاً ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور میرے کارکنان نے ہمّت اور دلیری سے ظلم کا مقابلہ کرکے میرا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جیل میں بیٹھ کر اللہ کے فضل اور اپنی قوم کی مدد سے ان سارے مجرموں کو آئین و قانون کے اندر رہتے ہوئے شکست دوں گا، رائے عامہ کے تمام آزاد اندازے تحریک انصاف کی بے پناہ مقبولیت اور تین چوتھائی جیسی تاریخی اکثریت سے انتخاب کے اشارے دے رہے ہیں، قوم آزادی کا انتخاب کرکے تحریک انصاف کو قانون کی حکمرانی، دستور کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کا مینڈیٹ دینا چاہتی ہے۔
بانی تحریک انصاف نے کہا کہ دستور مخالف قوتیں 8 فروری کا انتخاب لوٹ کر قوم کو غلام رکھنے میں کامیاب ہوئیں تو چور اُچکّے راج کریں گے اور ملک کی کشتی مزید بھنور میں اترے گی، ظلم اور جبر سے ملک کو لاقانونیت کی راہ پر ڈالنے والوں سے اپنے ووٹ کی طاقت سے حساب لینا ہوگا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ دھونس اور دھاندلی کی بےپناہ ریاستی کوششوں کے باوجود عوام کو 8 فروری کو نکل کر آزادی اور غلامی میں سے کسی ایک کا فیصلہ کن انداز میں تعیّن کرنا ہوگا، چاہتا ہوں میری قوم کا ہر فرد تیاری کرے اور اپنے ووٹ کے ذریعے پاکستان کو دستور و قانون کی راہ پر ڈالنے کیلئے 8 فروری کو ووٹ ڈالے اور اپنے ووٹ کی حفاظت یقینی بنائے۔