ڈالر کی قیمت کم ہونے کے سلسلے کو بریک لگ گئی، اسٹاک مارکیٹ بھی بدترین مندی کا شکار ہو گئی، مسلسل دوسرے روز اسٹاک ایکسچینج مندی کی زد میں رہی۔ تفصیلات کے مطابق وپے کے مقابلے مسلسل گراوٹ کا شکار امریکی کرنسی کی قیمت آج مستحکم رہی۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت بغیر کسی ردو بدل کے برقرار رہی
وپن مارکیٹ میں بھی ڈالر بغیر کسی تبدیلی کے 282 روپے میں فروخت ہوتا رہا۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بھی مندی کا رجحان رہا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کے اختتام منفی زون میں ہوا، جس کے باعث 100 انڈیکس 532 پوائنٹس کی کمی کیساتھ 63 ہزار 737 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 64 ہزار 269 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ سٹاک مارکیٹ میں آج 9 ارب 18کروڑ 48 لاکھ 27 ہزار 993 روپے مالیت کے 23 کروڑ 43 لاکھ 89 ہزار 148 شیئرز کا لین دین ہوا۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ کم ہوگئے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 8 ڈالر کمی کیساتھ 2 ہزار 47 ڈالر ہوگئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 600 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت میں 514 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 17 ہزار 300 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 86 ہزار 300 روپے ہوگئی۔