ڈالر کی قیمت 10 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی، نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مستحکم رہی۔ تفصیلات کے مطابق روپے کے مقابلے امریکی کرنسی مسلسل گراوٹ کا شکار ہے، انٹربینک میں ڈالر مزید سستا ہو گیا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 12 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 280 روپے 24 پیسے پر بند ہوا ہے۔
جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر بغیر کسی رد وبدل کے 282 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 7 ڈالر اضافے کیساتھ 2055 ڈالر ہوگئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 450 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت میں 386 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 17 ہزار 900 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 86 ہزار 814 روپے ہوگئی۔ جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج مندی کا رجحان رہا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے اختتام پر منفی زون میں ہوا، جس کے باعث 100 انڈیکس 368 پوائنٹس کی کمی کیساتھ 64 ہزار 269 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 64 ہزار 637 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ سٹاک مارکیٹ میں آج 11 ارب 3کروڑ 85 لاکھ 11 ہزار 435 روپے مالیت کے 23 کروڑ 54 لاکھ 32 ہزار 382 شیئرز کا لین دین ہوا۔