بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اسٹیٹ بینک نے اعداد و شمار جاری کر دیے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے دسمبر میں بھیجی گئی ترسیلات زر سالانہ بنیادوں پر 13.4 فیصد اضافے کے بعد 2 ارب 38 کروڑ 15 لاکھ ڈالر تک جا پہنچیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ترسیلاتِ زر نومبر 2023 کے مقابلے میں 5.4 فیصد بڑھیں، ملک کو دسمبر 2022 میں 2.1 ارب ڈالر اور گزشتہ مہینے 2 ارب 25 کروڑ 85 لاکھ ڈالر موصول ہوئے تھے۔
رواں مالی سال 2024 کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران ترسیلات زر 6.817 فیصد کمی کے بعد 13 ارب 43 کروڑ 47 لاکھ ڈالر رہیں، یہ حجم گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 14 ارب 41 کروڑ 76 لاکھ ڈالر رہا تھا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر 2023 میں سب سے زیادہ 57 کروڑ 76 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر سعودی عرب سے موصول ہوئیں، متحدہ عرب امارات(یو اے ای)سے 41 کروڑ 92 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 36 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 26 کروڑ 39 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔