ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں کمی کے بعد پھر بڑا اضافہ ہوگیا فی تولہ قیمت میں ایک ہزار 600 روپے کا اضافہ، نئی قیمت 2 لاکھ 21 ہزار 300 روپے ہوگئی، دس گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار372 روپے کا اضافہ ہوا ہے

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت آج پھر ایک ہزار 600 روپے بڑھ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت پھر بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار 600 روپے بڑھنے کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 21 ہزار 300 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار372 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 89 ہزار 729 روپے ہوچکی ہے۔ یاد رہے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی بازار میں سونا 12 ڈالر اضافے سے 2094 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 2680 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 2297.66 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

 مزید برآں اسی طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں سال نو کے آغاز پر ملک میں سبزیوں کی قیمتوں میں 100فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوگیا،2023 کے آغاز میں 45 روپے کلو ملنے والا ٹماٹر ،2024 میں 100 روپے کلو میں دستیاب ہے،50 روپے کلو والا آلو، 80 روپے، 500 روپے والی ادرک ،سال نوپر 800 روپے فی کلو ہوگئی ہے جبکہ پیازکی قیمت نے بھی عوام کے آنسو نکال دئیے ہیں،200 روپے والی پیاز 250 سے اوپر چلی گئی ہے۔

اس کے علاوہ 60 روپے والی لوکی 160 روپے،100 روپے والا مٹر 200 سے 300 روپے، 2023 کے آغاز پر 200 روپے میں دستیاب مرچ سال نو پر 320 میں مل رہی ہے۔ دوسری جانب معروف ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت ایک بار پھر 45 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کی رپورٹ کے مطابق ماسکو میں منگل کو بٹ کوائن کی قیمت 6.93 فیصد اضافے کے ساتھ 45,374 ڈالر تک پہنچ گئی۔

کوائن ڈیسک کے مطابق بٹ کوائن کی قیمت کی یہ 5 اپریل 2022 کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ بٹ کوائن ایک کرپٹوکرنسی ہے جسے 2008 میں کسی نامعلوم شخص یا ساتوشی ناکاموٹو کا نام استعمال کرنے والے لوگوں کے ایک گروپ نے ایجاد کیا تھا۔ یہ ایک مرکزی بینک یا واحد ایڈمنسٹریٹر کے بغیر ڈیجیٹل کرنسی ہے جسے پیئر ٹو پیئر بٹ کوائن نیٹ ورک پر ایک صارف سے دوسرے صارف کو بھیجا جا سکتا ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں