جاپان میں 7 اعشاریہ 4 شدت کے خوفناک زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے سال کے پہلے ہی روز آنے والے 7 اعشاریہ 4 شدت کے زلزلے نے وسطی جاپان کو ہلا کر رکھ دیا، جس کے بعد ملک کے مغربی ساحل کے وسیع حصے کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی، جس میں شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ اشیکاوا، نیگاتا، تویاما اور یاماگاتا پریفیکچرز کے ساحلی علاقوں کو فوری طور پر خالی کردیں، 1.2 میٹر سے زیادہ بلند لہریں اشیکاوا میں واقع نوٹو جزیرہ نما کی واجیما بندرگاہ تک پہنچیں جہاں ایک بڑی سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔
مقامی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہوکائیڈو سے ناگاساکی تک بحیرہ جاپان کے ساحل پر 3 میٹر تک سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے، یہ انتباہات ابتدائی زلزلے کے بعد آنے والے کئی آفٹر شاکس کی بناء پر جاری کیے گئے، زلزلے کے بعد اس علاقے میں 5 میٹر تک اونچی لہریں آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، نوٹو کے علاقے میں زلزلے کے 7 آفٹر شاکس آئے جب کہ شام 5 بجے تک پورے جاپان میں زلزلے کے 11 آفٹر شاکس رپورٹ ہوئے۔
معلوم ہوا ہے کہ شام 4 بج کر 35 مقامی وقت کے قریب تویاما پریفیکچر پر انتہائی بلند لہریں اٹھتی دکھائی دیں، کاشیوازاکی، نیاگاتا پریفیکچر کی بھی یہی صورتحال رہی، نیگاتا کے ساڈو جزیرے پر بھی یہی مناظر دیکھے گئے، سونامی کے یاماگاتا اور ہیوگو پریفیکچرز سے بھی ٹکرانے کا خدشہ ہے، نوٹو جزیرہ نما کے علاقے کے لیے جاری کی گئی سونامی کی بڑی وارننگ گزشتہ تین انتباہات میں سب سے اعلیٰ سطح کا الرٹ تھی جو مارچ 2011ء کے توہوکو کے علاقے میں آنے والے زلزلے کے بعد جاری کی گئی وارننگ کے برابر ہے۔