لاہور چند سو روپے کی گیس اب ہزاروں روپے کی ہو جائے گی، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں صارفین پر پڑنے والے ممکنہ بوجھ کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سردیوں کی آمد پر حکومت کی جانب سے گیس مہنگی کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے باعث صارفین پر پڑنے والے بوجھ کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ماہانہ 1 ایم ایم بی ٹی یو تک گیس استعمال کرنے والوں کیلئے گیس سب سے زیادہ مہنگی ہو گی۔ دستاویز کے مطابق 1 ایم ایم بی ٹی یو استعمال کرنے والے صارفین کیلئے گیس قیمت 2 ہزار سے بڑھ کر 35 سو جبکہ 1 ایم ایم بی ٹی یو گیس سے زائد استعمال کرنے پر قیمت 31 سو سے بڑھ کر 4 ہزار ہو جائے گی۔
ماہانہ 0.6 ہیکٹومیٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کا بل 3 سو سے بڑھ کر 6 سو روپے ہو جائے گا، ماہانہ 1 ہیکٹومیٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کا بل 4 سو سے بڑھ کر 1 ہزار روپے ہو جائے گا۔ دستاویز کے مطابق ماہانہ 1.5 ہیکٹومیٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کا بل 6 سو سے بڑھ کر 12 سو روپے ہو جائے گا جبکہ ماہانہ 2 ہیکٹومیٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کا بل 8 سو سے بڑھ کر 16 سو روپے ہو جائے گا۔
ماہانہ 3 ہیکٹومیٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کا بل 11 سو سے بڑھ کر 3 ہزار روپے ہو جائے گا جبکہ ماہانہ 4 ہیکٹومیٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کا بل 2 ہزار سے بڑھ کر 35 سو روپے ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق گیس قیمتوں میں آئندہ ماہ سے 193 فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی سمری میں گیس کا ٹیرف193 فیصد تک بڑھانے اور گھریلو صارفین کیلئے گیس 172 فیصد تک مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دیگر گیٹیگریز کیلئے گیس کی قیمت میں تقریباً 193 فیصد تک اضافہ تجویز کیا گیا ہے اور پروٹیکڈ صارفین کیلئے فکسڈ ماہانہ چارجز 10سے بڑھا کر 400 روپے کرنے کی تجویز کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق برآمدی انڈسٹریز کے ٹیرف میں 950 روپے، ایکسپورٹ انڈسٹریز کا ٹیرف 2050 روپے، غیربرآمدی صنعتوں کے ٹیرف میں 1400 روپے، غیربرآمدی صنعتوں کا ٹیرف 2600 روپے اور سی این جی کیلئے گیس کی قیمت 2 ہزار 595 روپے فی ایم ایم بی ٹی یوبڑھانے کی تجویز کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق سی این جی سیکٹر کیلئے گیس کا ٹیرف 4400 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو جب کہ بجلی کارخانوں اور تندوروں کیلئے گیس قیمت برقرار رکھنے کی تجویز کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوسکتا ہے۔