اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ شدت اختیار کرگئی ہے، اسرائیلی فوج نے لبنان پر بھی حملہ کردیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا کہ اس نے ہیلی کاپٹر گن شپ کا استعمال کرتے ہوئے جنوبی لبنان میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج نے لبنان سے اسرائیل میں داخل ہونے والے لبنانی جنگجوؤں پر بھی حملہ کیا ہے۔
جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری افواج (UNIFIL) نے کہا کہ جنوب مغربی لبنان میں البوستان کے قریب دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔
اقوام متحدہ کی افواج کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ یونی فل کے سربراہ اور فورس کمانڈر میجر جنرل لازارو ملوث فریقوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ان پر زور دیتے ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، ساتھ ہی UNIFIL کے رابطہ کاری کے طریقہ کار کو مزید بڑھانے اور جانی نقصان کو روکنے کے لیے استعمال کریں’۔
الجزیرہ کی نمائندہ زینا خدر نے جنوبی لبنان سے رپورٹنگ کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے مسلح دراندازوں کے لبنان سے ملک میں داخل ہونے کی اطلاعات کے بعد لبنان اسرائیل سرحد ایک ”فعال سرحد“ بن گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاعات مل رہی ہیں جنوبی لبنان سے شمالی اسرائیل میں گولے داغے گئے ہیں اور اسرائیل جواب دے رہا ہے۔
خدر نے مزید کہا کہ یہ ایک انتہائی کشیدہ صورتحال ہے اور اسرائیلی فوج پر مزید دباؤ بڑھ رہا ہے، یہ اسرائیل کیلئے پیغام ہے کہ اگر غزہ کے خلاف مہم جاری رکھتے ہیں، تو دوسرے محاذوں سے دباؤ کا سامنا کرنے کی توقع رکھیں۔
خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 560 ہوگئی ہے، جبکہ حماس کے حملوں میں 800 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں 29 سو افراد زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ حماس کے حملوں میں 2506 اسرائیلی زخمی ہیں۔