پنجاب کی تاریخ میں پہلی پلاسٹک روڈ بن گئی،نگران وزیر اعلی نے پہلی پلاسٹک روڈ کا افتتاح کردیا

لاہور  پنجاب کی تاریخ میں پہلی پلاسٹک روڈ بن گئی۔نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے پیر کو پہلی پلاسٹک روڈ کا افتتاح کر دیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے جم خانہ مال روڈ سے جیل روڈ تک بننے والی ظفر علی پلاسٹک روڈ کا افتتاح کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے ظفر علی پلاسٹک روڈ کا معائنہ کیا اورمعیار کاجائزہ لیا۔

وزیراعلی کو پلاسٹک روڈ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے پروفیسرز نے پلاسٹک روڈ کی افادیت کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلی نے پلاسٹک روڈ کی تعمیر میں تکنیکی معاونت پر یو ای ٹی کے پروفیسرز کی خدمات کو سراہا۔محسن نقوی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک روڈ کے کامیاب تجربے کے بعد اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔

ایک ماہ تک موجودہ پلاسٹک روڈ کا جائزہ لے کر مزید پلاسٹک روڈز بنائیں گے۔مال روڈ کو بھی پلاسٹک روڈ میں تبدیل کیا جائے گا۔پلاسٹک روڈکم ازکم 10سال تک چلتی ہے۔پلاسٹک روڈ بارش کے پانی سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوتی۔پلاسٹک روڈ پر لاگت بہت کم آئی ہے،اس سڑک کی تعمیر پر 6 کروڑ کی جگہ 2 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔جو پلاسٹک ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہا تھا اسے ادھر استعمال کیا گیا ہے۔

وزیراعلی محسن نقوی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ پلاسٹک روڈ کی تعمیر میں استعمال شدہ شاپرز اور دیگر پلاسٹک استعمال ہوتا ہے۔ پلاسٹک روڈ اسفالٹ روڈ کے مقابلے میں دیر پا اور کم لاگت سے تیار ہوتی ہے۔پلاسٹک روڈ کی دیکھ بھال کی بھی زیادہ ضرورت نہیں ہوتی۔پلاسٹک روڈ بارش کے پانی سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوتی۔صوبائی وزراء اظفر علی ناصر، عامر میر، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری اطلاعات، یو ای ٹی لاہور کے پروفیسرز، ڈپٹی کمشنر، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں