اسلام آباد:ایف آئی اے نے اسلام آباد،ڈیرہ اسمٰعیل خان سے نامی گرامی مجرم پکڑلیے ا،طلاعات کے مطابق ایف آئی اے ملک کے مختلف حصوں سے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتارکرلیا ہے ،
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے ملزم افتخار علی کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا۔ملزم نے خود کو وزارت داخلہ کا ایڈیشنل سیکرٹری ظاہر کرتے ہوئے شکایت کنندہ کو وزارت مذہبی امور سے حج ویزے دلوانے کی پیشکش کی اور 7 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بٹوری۔ ملزم نے رقم بینک اکاؤنٹس کے ذریعے حاصل کی۔ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے کی تفتیش جاری ہے۔
ایک دوسرے واقعہ میں ایف آئی اے ڈیرہ اسماعیل خان سرکل نے ہنڈی حوالہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ڈائریکٹر کے پی زون مجاہد اکبر خان کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی آئی خان نے ریڈنگ ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے ملزم فرید اللہ کو اعظم مارکیٹ سے گرفتار کر لیا۔ ملزم ہنڈی حوالہ کے کاروبار سے منسلک تھا۔ گرفتار ملزم کے موبائل سے حوالہ ہنڈی اور کرنسی سے متعلق فہرستیں اور لاکھوں مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی۔
ملزم کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیاگیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کے احکامات پر ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاون جاری ہیں
یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کے پی زون کی ہدایت پر بنوں سرکل نے مختلف کاروائیوں میں ہنڈی حوالہ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں عبد اللہ خان اور نظیف اللہ خان شامل ہیں۔ ملزمان ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔ ملزمان کے موبائل فون سے ہنڈی حوالہ سے متعلق فہرستیں اور دیگر ڈیٹا برآمد کر لیاگیا۔ ملزمان کے زیر استعمال دکانیں سیل کر دی گی۔
ایف آئی اے بنوں نے ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت دو مقدمات درج کر لیے گئے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔