بھارت میں ٹماٹر چھٹیوں پر چلے گئے، ریسٹورنٹس پر نوٹسز چسپاں

نئی دہلی بھارت میں فاسٹ فوڈ کمپنی ’برگر کنگ‘ نے اپنے برگرز اور دیگر کھانوں میں قیمتیں بڑھنے کے باعث ٹماٹروں کا استعمال یکسر بند کردیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی ’روئٹرز‘ اور مؤقر امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق بھارت میں برگر کنگ کے دو ریستورانوں کے باہر گاہکوں کی توجہ کے لیے باقاعدہ نوٹسز چسپاں کردیے گئے ہیں جن پر درج ہے کہ ٹماٹروں کو بھی چھٹیاں درکار ہیں۔ ہم آپ کے کھانوں میں ٹماٹر شامل کرنے سے قاصر ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی فاسٹ فوڈ کمپنی برگر کنگ بھارت میں کام کرنے والی فاسٹ فوڈ ریستورانوں کی سب سے بڑی چین ہے جس کی ملک بھر میں 400 سے زائد برانچز موجود ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس سے قبل میک ڈونلڈز اور سب وے بھی اپنے کھانوں میں ٹماٹروں کا استعمال کرنا بند کر چکے ہیں جس کی وجہ بھارت میں بڑھتی ہوئی مہنگائی ہے جس کی شرح رواں ہفتے ملکی تاریخ میں جنوری 2020 کے بعد سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں مون سون بارشوں کی وجہ سے بھی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے باعث گزشتہ ہفتے کے دوران وہاں ٹماٹروں کی قیمت 450 روپے فی کلو کے قریب پہنچ چکی تھی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی حکام نے صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے نیپال سے بھی ٹماٹر درآمد کیے ہیں جو پورے ملک میں سرکاری گاڑیوں کے ذریعے فروخت کیے جا رہے ہیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں