ترکیہ میں صدارتی انتخاب کا دوسرا مرحلہ، پولنگ آج ہوگی پہلے مرحلے میں تیسرے نمبر پر آنے والے امیدوار کی حمایت کے بعد طیب اردوان کی پوزیشن مضبوط

ترکیہ میں صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کی تیاریاں مکمل، پولنگ آج صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

ترکیہ کے موجودہ صدر رجب طیب اردوان اور اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کمال قلیچ داراوغلو کے درمیان اتوار 28 مئی کو صدارتی انتخاب کے دوسرے راؤنڈ میں سخت مقابلے کی امید ہے۔ پہلے مرحلے میں تیسرے نمبر پر آنے والے امیدوار سنان اوغنان کی حمایت کے بعد طیب اردوان کی پوزیشن مضبوط ہوگئی۔

ترکیہ کے وقت کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 تک جاری رہے گی جس میں عوام فیصلہ کریں گے کہ وہ موجودہ صدر کے دور حکومت کا تسلسل چاہتے ہیں یا اپوزیشن کے امیدوار کو لاکر تبدیلی کے خواہاں ہیں۔

واضح رہے کہ ترکیہ میں 14 مئی کو ہونے والے ابتدائی انتخاب کی ووٹنگ میں طیب اردوان کو 49.5 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے جو واضح کامیابی سے صرف 0.6 فیصد کم تھے۔ جبکہ اردوان کے حریف کمال قلیچ نے 44 فیصد اور تیسرے امیدوار الٹرا نیشنلسٹ سیاستدان سینان اوغان نے صرف 5 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔

سیکولر اور مغرب نواز سمجھے جانے والے کمال قلیچ داراوغلو نے صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں رجب طیب اردوان کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے دو ہفتے کی مہم کے دوران اس بات کو دہرایا کہ اب یہ انتخاب نہیں بلکہ موجودہ صدر طیب اردوان پر ریفرنڈم ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں