ملک بھر میں نجی تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان ملک کے موجودہ حالات کے باعث کل بروز منگل تعلیمی ادارے بند رہیں گے، تعلیمی اداروں کو مزید بند رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ حالات دیکھ کر کیا جائے گا

لاہور   ملک بھر میں نجی تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک کے موجودہ حالات کے باعث کل بروز منگل کو نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کو مزید بند رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ حالات دیکھ کر کیا جائے گا۔

جبکہ برٹش کونسل نے بھی کل پاکستان میں شیڈول تمام امتحانات منسوخ کر دیے۔ دوسری جانب ملک کے بڑے شہروں میں انٹرنیٹ سروس خاص کر سوشل میڈیا کو بند کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت ملک کے متعدد شہروں میں ٹوئٹر، فیس بک، یوٹیوب سمیت کئی ویب سائٹس کی سروسز کو معطل کر دیا گیا۔

حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا بند کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پراپیگنڈا کو روکنے کیلئے سوشل میڈیا کو بند کیا گیا ہے۔

جبکہ پنجاب اور بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی دفعہ 144 نافذ کی جا چکی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے لاہور میں رینجرز طلب کر لی گئی، دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد احتجاج اور جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کر دی گئی، وزارت داخلہ نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔ جبکہ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری پر امن وامان کی خراب کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، سڑکیں بلاک کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

واضح رہے کہ پیر کے روز نیب کی جانب سے رینجرز کی مدد سے عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد ملک بھر میں مظاہرے پھوٹ پڑے۔ مشتعل کارکنان نے ٹائروں سمیت مختلف اشیاء کو نذر آتش کر کے شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ، کئی مقامات پر تحریک انصاف کے کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی، فیصل آباد میں پولیس کی فائرنگ سے 4 مظاہرین زخمی ہو گئے۔

فیصل آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں نے رانا ثنااللہ کے ڈیرے کا گھیراو کرلیا ، کارکنوں نے رانا ثنااللہ کے ڈیرے پر پتھراو کیا جس کے بعد پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی۔ پی ٹی آئی کے احتجاج کی وجہ سے مختلف شہروں کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام جام ہو کر رہ گیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں ۔ پی ٹی آئی کارکنوں کے مظاہروں کی وجہ سے کئی شہروں میں کاروبار بند کر دئیے گئے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں