پیاز، ٹماٹر اور سبزیاں ایران سے منگوانے کی منظوری دی تو تنقید شروع کردی گئی، خدارا! عام آدمی کو متاثر نہ کریں، نوید قمر

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمرالزماں شاہ نے کہا ہے کہ آج کل مارکیٹ میں پیاز، ٹماٹر اور سبزیوں کی قیمتیں پہنچ سے باہر ہیں، کل منسٹری نے منظوری دی کہ ایران سے یہ چیزیں منگوائیں گے لیکن اس پر بھی بے جا تنقید شروع کر دی گئی، اپنی تنقید سے عام آدمی کی زندگی کو خدارا متاثر نہ کریں۔

پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے وفاقی وزیر سید نوید قمرالزماں شاہ نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان اور وفاقی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف شہادت اعوان ایڈووکیٹ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف سے آپ کے معاہدے کو آگے بڑھایا ہے، مجھے یقین ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ بھی عوام کی بھلائی کا سوچ رہے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول کے کہنے پر اربوں آئے، اس سے عوام کی ہی بہتری ہو گی، ملک کمزور ہو گا تو آنے والی حکومتوں کو بھی نقصان ہو گا۔

سید نوید قمرالزماں شاہ نے سیلابی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میرے حلقے میں اس طرح کے برے حالات پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے، کشتیوں کے ذریعے لوگوں تک خوراک پہنچائی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں سیاست کو ایک طرف رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ ملک کو سیاست کی نہیں بلکہ مدد کی ضرورت ہے، وزیراعظم میاں شہباز شریف نے بھی دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔

وفاقی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدہ لوگ بہت تکلیف دہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، اس وقت یکجا ہو کر دکھی لوگوں کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے، ابھی پاکستان کو پاؤں پر کھڑا کرنے کا وقت ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں