سعودی عرب کی جانب دنیا کی مہنگی ترین ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کھلاڑی بھیجنے سے متعلق بھارتی بورڈ نے بڑا فیصلہ کر لیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی بورڈ نے موقف اپنایا ہے کہ وہ اپنے کھلاڑی سعودی عرب کی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں نہیں بھیجے گا۔
بی سی سی آئی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ کوئی بھی موجودہ بھارتی کھلاڑی کسی بھی لیگ میں حصہ نہیں لے گا، لیکن جہاں تک فرنچائز کی شرکت کا تعلق ہے، ہم انہیں نہیں روک سکتے۔ یہ ان کا انفرادی فیصلہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے آئی پی ایل فرنچائزز کو جنوبی افریقہ یا دبئی میں ٹیمیں خریدتے دیکھا ہے۔ دنیا بھر کی کسی بھی لیگ میں اپنی ٹیم رکھنا ان کا انتخاب ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روزسعودی عرب کی حکومت نے مبینہ طور پرمہنگی ترین لیگ کے لئے انڈین پریمیئر لیگ کے مالکان کے ساتھ بات چیت کی تھی۔
نائن کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکام نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی مہنگی ترین لیگ کو اپنا اگلا منصوبہ قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں لیگ کے حوالے سے بات چیت ایک برس پہلے شروع ہوئی تھی۔
سعودی عرب نہ تو فارمولا 1 گرینڈ پرکس کے ذریعے کھیلوں کے منصوبوں سے مطمئن ہے اور نہ ہی LIV گالف میں کی گئی سرمایہ کاری سے، اس لیے وہ اب اگلے پراجیکٹ میں دنیا کے مہنگے ترین ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے بارے میں سوچ رہا ہے۔