عید کی آمد، ٹرانسپورٹرز نے کرائے مزید بڑھا دیے، بڑے شہروں میں رہنے والے پردیسیوں کیلئے عید پر اپنے آبائی گھروں کو واپسی بھی بہت مشکل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے قریب آتے ہی بڑے شہروں میں مقیم پردیسی حضرات چھٹیاں اور عید منانے کیلئے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرنے لگے۔ تاہم رواں سال کرایوں میں بے تحاشا اضافے نے بڑے شہروں میں رہنے والے پردیسیوں کیلئے اپنے آبائی علاقوں میں عید منانا بہت مشکل بنا دیا۔
گاڑی مالکان نے عید کے قریب آتے ہی کرایوں میں اضافہ کرنا شروع کر دیا۔ دوسرے شہروں کو جانیوالے مسافروں سے گاڑی مالکان من مرضی کے کرائے وصول کر رہے ہیں۔ آبائی علاقوں کو جانے والے شہری پریشان دکھائی دیتے ہیں، پردیسیوں کا کہنا ہے کہ ہر سال جب بھی عید منانے کے لیے اپنے علاقوں میں جاتے ہیں تو کرایوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے، کوئی گاڑی مالکان کو پوچھنے والا نہیں۔
دوسری جانب گاڑی مالکان کا کہنا ہے پٹرول اور ڈیزل کے ریٹس اس حد تک بڑھ گئے ہیں کہ مجبوری کے تحت کرایوں میں اضافہ کرنا پڑتا ہے اور پولیس بھی عید کے قریب مہنگے مہنگے چلان کرنا شروع کر دیتی ہے، اس لیے کرائے بڑھانا مجبوری ہے۔ یہاں واضح رہے کہ ایکسپریس نیوز کے مطابق کابینہ ڈویژن نے ملک بھر میں عیدالفطر پر چھٹیوں سے متعلق ورکنگ کا آغاز کر دیا ہے، عید کے لیے 4 سے5چھٹیاں دینے کی تجویز وزیراعظم ہاؤس کو دی جائے گی، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم اگلے ہفتے کریں گے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اگر عید جمعتہ المبارک کو ہوئی تو20 سے 23اپریل تک چھٹیاں ہونے کا امکان ہے جب کہ ہفتہ22 اپریل کو عید ہونے کی صورت میں 20 سے 24 اپریل تک چھٹیوں کا اعلان ہو سکتا ہے، کابینہ ڈویژن وزیراعظم کی باضابطہ منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔