معاشی بحران کے اثرات، ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری میں پیداوار بند ہو گئی پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری پارکو کو بند کر دیا گیا، ملک میں تیار کردہ ڈیزل اور پٹرول مصنوعات کی کھپت میں کمی ریفائنری کی بندش کی بڑی وجہ، پاکستان کی آئل ریفائنریز کو موجودہ مالیاتی بحران کی وجہ سے بھی آپریشنز چلانے میں مشکلات کا سامنا

  معاشی بحران کے اثرات، ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری میں پیداوار بند ہو گئی، ملک میں تیار کردہ ڈیزل اور پٹرول مصنوعات کی کھپت میں کمی ریفائنری کی بندش کی بڑی وجہ قرار۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری ملکی تاریخ کے بدترین معاشی بحران کی وجہ سے کئی صنعتوں کا پہیہ رک گیا ہے۔ دنیا نیوز کے مطابق پٹرولیم انڈسٹری ذرائع کے مطابق پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری پارکو کو بند کر دیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ملک میں تیار کردہ ڈیزل اور پٹرول مصنوعات کی کھپت میں کمی پارکو ریفائنری کی بندش کی بڑی وجہ ہے۔ پارکو کے علاوہ پاکستان کی دیگر آئل ریفائنریز بھی ملک کے معاشی بحران کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ریفائنریز کو ایکسچینج ریٹ کی ریکوری، آئل پرائس پر مصنوعی کنٹرول اور خام تیل کی درآمد کیلئے ایل سیز کھولنے میں مشکلات جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں پٹرول کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر16فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات اور انڈسٹری کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے مارچ 2023 تک کی مدت میں ملک میں 5.59ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 16فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 6.68ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ مارچ میں ملک میں 0.56ملین ٹن پٹرول کی فروخت یکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 28فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال مارچ میں ملک میں 0.77ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ فروری کے مقابلے میں مارچ میں ملک میں پٹرول کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر ایک فیصد کی نموریکارڈ کی گئی ہے ۔ فروری میں ملک میں 0.55ملین ٹن پٹرول کی فروخت دیکھنے میں آئی جو مارچ میں بڑھ کر0.56ملین ٹن ہوگئی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں