اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا ریلیف شادیانے بجانے والا نہیں بلکہ عارضی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 4 حکومتوں کو کنٹرول کرنے والی پارٹی حرکتوں سے باز نہیں آ رہی۔ حکومت پاکستان کو سری لنکا بنانے سے بچانے کی کوششیں کر رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا ریلیف شادیانے بجانے والا نہیں بلکہ یہ عارضی ریلیف ہے۔ پی ٹی آئی کے ارکان آئی ایم ایف کا معاہدہ خراب کرانے میں مصروف تھے اور بھارت بھی آئی ایم ایف کا معاہدہ خراب کرانے کی کوششوں میں مصروف تھا۔ شوکت ترین سے امید نہیں تھی کہ وہ ایسا کریں گے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے ملک بھر میں تباہی ہوئی ہے جبکہ سیلاب اور بارشوں سے ملک بھر میں بڑا معاشی نقصان ہوا۔ لوگ جاں بحق، جانور بہہ گئے اور مکانات منہدم ہوئے۔ قوم نے بہت سی آفات کا مقابلہ کیا اور اس وقت ملک شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے سب ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ ریلیف کے بعد اگلا مرحلہ متاثرین کی بحالی کا ہے۔ بارشوں اور سیلاب سے فصلیں تباہ ہوگئیں، مواصلاتی نظام درہم برہم ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومتیں، مخیر حضرات اور پوری قوم کار خیر کے لیے کمر بستہ ہوجائیں اور عالمی برادری ہماری تکلیف کا احساس کرتے ہوئے ہماری مدد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں سیلاب کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف اور وزرائے اعلیٰ بھی تھے لیکن خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلی شریک نہیں ہوئے۔ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کو بھی شرکت کرنے نہیں دیا گیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلویز کے انفرانسٹرکچر کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ سبی میں ایک پل ٹوٹ چکا ہے جس کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ترکی سے 4 ٹرینز آرہی ہیں جس میں سے ایک روانہ ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تفتان میں ایران سے سامان آئے گا اور این ڈی ایم اے کے حوالے کیا جائے گا۔ توہین عدالت کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔