بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورا پاکستان بارشوں میں بری طرح متاثر ہوا ہے۔
سکھر: وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے سندھ میں روڈ کا نیٹ ورک بلکل ختم کردیا ہے، جس کی بحالی اور تعمیر و مرمت کے لیے 860 ملین روپے درکار ہیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سکھر ایئرپورٹ پر ڈونر ایجنسیوں اور ڈپلومیٹس کے ساتھ منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورا پاکستان بارشوں میں بری طرح متاثر ہوا ہے، سندھ میں شدید بارشوں کا اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ جولائی میں 308 فیصد اور اگست میں 784 فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ گڈو اور سکھر بیراجز پر اونچے درجے کے سیلاب کے باعث ڈرینج سسٹم کام نہیں کر رہا، یہ واحد سیلاب ہے جس میں کچے اور پکے کے علاقے ڈوبے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں زراعت، روڈ نیٹ ورک، لوگوں کا روزگار اور معیشت بحال کرنی ہے ،جس کے لیے زرعی زمینوں کی بحالی کے لیے زرعی مشینری کی سخت ضرورت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ایک ملین خیمے، 3 ملین مچھردانیاں، 2 ملین راشن بیگ، ایک ملین کچن سیٹ کی ضرورت بتائی ہے۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور چیف سیکریٹری سندھ سھیل قریشی نے بھی شرکاء اجلاس کو سندھ میں سیلابی اور بارشوں سے صورتحال اور نقصانات کے حوالے سے بریفنگ دی۔