سوشل میڈیا پر بائیکاٹ مہم پر پھلوں کی خریداری کے رجحان میں کمی آنا شروع ہو گئی ، رمضان المبارک کے آغاز پر پھلوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ جانے پر عوام بائیکاٹ مہم شروع کرنے پر مجبور ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچیں، قیمتیں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ عام سبزی اور پھل بھی غریب کی پہنچ سے دور ہوگئے۔
اس وقت ملک بھر میں پیاز 160روپے کلو فروخت کی جارہی ہے، آلو70روپے کلو، بینگن80روپے کلو، کھیرا70روپے کلو اور بھنڈی 260 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔یہی حال پھلوں کا ہے، رمضان سے قبل150سے200روپے درجن ملنے والے کیلے اس وقت400روپے پر پہنچ گئے ہیں، سیب کی قیمت 430 روپے کلو پر جا پہنچی ہے۔
رمضان المبارک میں افطار کا اہم جز کھجور بھی عوام کی دسترس سے باہر ہوچکا ہے، کھجور 580 روپے سے 3 ہزار روپے کی قیمت میں دستیاب ہے۔
اس تمام صورتحال میں عوام کی جانب سے سوشل میڈیا پر شروع کی گئی بائیکاٹ مہم کے باعث بازاروں میں پھلوں اور دیگر مہنگی اشیاء کی خریداری میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں کمر توڑ مہنگائی کی شدت میں رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی مزید اضافہ ہو گیا۔ ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار مہنگائی کے ہوشربا اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ماہ رمضان کے آتے ہی 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، آٹے کا تھیلا، ٹماٹر، آلو، دال، چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت 58 روپے سے بڑھ کر 100 روپے ہو گئی، بیس کلو آٹے کا تھیلا 1817 روپے سے بڑھ کر 2587 روپے کا ہو گیا، آلو کی فی کلو قیمت میں 6 روپے، چینی کی قیمت میں 71 پیسے اضافہ ہوا، دال ماش کی فی کلو قیمت 415 روپے سے بڑھ کر 421 روپے سے زائد ہو گئی، اڑھائی کلو گھی کا ٹن، تازہ دودھ، دہی، مٹن، چاول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے 21 روپے 57 پیسے فی درجن، چائے کا پیکٹ 34 روپے 37 پیسے، مٹن 13 روپے 78 پیسے فی کلومہنگا، بیف 6 روپے 31 پیسے، اڑھائی کلو گھی کا ٹن 8 روپے 84 پیسے مہنگا ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چکن 32 روپے 85 پیسے فی کلو، سرخ مرچ پیکٹ 5 روپے سستا ہوا، لہسن 4 روپے 59 پیسے ، دال چنا 2 روپے 70 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ اسکے علاوہ دال مونگ، دال مسور، انڈے اور پیاز بھی سستے ہوئے جبکہ ایک ہفتے میں 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔