عوام پر ایل پی جی بم گرا دیا گیا فی کلو ایل پی جی کی قیمت ہوشربا 240 روپے بڑھا کر 560 روپے کر دی گئی

کوئٹہ  عوام پر ایل پی جی بم گرا دیا گیا، فی کلو ایل پی جی کی قیمت ہوشربا 240 روپے بڑھا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے آغاز کے بعد ملک بھر میں ایل پی جی گیس کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں اس وقت سب سے مہنگی ایل پی جی فروخت کی جا رہی ہے۔ کوئٹہ میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 240 روپے بڑھا کر 560 روپے کر دی گئی ہے۔

ایل پی جی ڈیلرز کی جانب سے قیمت میں من مانا اضافہ کیا گیا ہے، تاہم انتظامیہ کہیں نظر نہیں آ رہی۔ ڈھائی کلو کے سلنڈر کی قیمت میں 600 جبکہ 5 کلو کا سلنڈر 1200 روپے مہنگا کردیا گیا، ڈھائی کلو سلنڈر کی قیمت 1300 روپے سے 1900 جبکہ 5 کلو سلنڈر کی قیمت 1600 سے 2800 روپے تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب ملک میں کمر توڑ مہنگائی کی شدت میں رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی مزید اضافہ ہو گیا۔

ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار مہنگائی کے ہوشربا اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ماہ رمضان کے آتے ہی 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، آٹے کا تھیلا، ٹماٹر، آلو، دال، چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت 58 روپے سے بڑھ کر 100 روپے ہو گئی، بیس کلو آٹے کا تھیلا 1817 روپے سے بڑھ کر 2587 روپے کا ہو گیا، آلو کی فی کلو قیمت میں 6 روپے، چینی کی قیمت میں 71 پیسے اضافہ ہوا، دال ماش کی فی کلو قیمت 415 روپے سے بڑھ کر 421 روپے سے زائد ہو گئی، اڑھائی کلو گھی کا ٹن، تازہ دودھ، دہی، مٹن، چاول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے 21 روپے 57 پیسے فی درجن، چائے کا پیکٹ 34 روپے 37 پیسے، مٹن 13 روپے 78 پیسے فی کلومہنگا، بیف 6 روپے 31 پیسے، اڑھائی کلو گھی کا ٹن 8 روپے 84 پیسے مہنگا ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چکن 32 روپے 85 پیسے فی کلو، سرخ مرچ پیکٹ 5 روپے سستا ہوا، لہسن 4 روپے 59 پیسے ، دال چنا 2 روپے 70 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ اسکے علاوہ دال مونگ، دال مسور، انڈے اور پیاز بھی سستے ہوئے جبکہ ایک ہفتے میں 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں