عمران خان کی سابقہ اہلیہ سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان سے رابطے میں رہتی ہیں
سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے فلاحی تنظیم ’ الخدمت ’ کو عطیات دینے کی درخواست کی ہے۔
گو جمائما عمران خان سے علیحدگی کے بعد اپنے وطن واپس جا چکی ہیں لیکن پاکستان سے ان کا تعلق ختم نہیں ہوا۔ حالات حاظرہ پر گہری نظررکھنے والی جمائما سوشل میڈیا کے ذریعے یہاں کے لوگوں سے مسلسل رابطے میں رہتی ہیں۔
پاکستان میں حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث تباہ کن سیلاب سے متاثرافراد کی مدد کے لیے دوست ممالک اورانٹرنیشنل چیریٹی آرگنائزیشنز بھی میدان عمل میں ییں، ایسے میں جمائما نے بھی مدد کی درخواست کرتے ہوئے عطیات فلاحی تنظیم الخدمت کو دینے کی درخواست کی ہے۔
جمائما نے آفیشل ٹوئٹرہینڈل پرالخدمت کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات شیئرکرتے ہوئے لکھا، “الخدمت سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں رسیکیو او ریلیف کی خدمات سرانجام دے رہی ہے، اپنے عطیات انہیں دیں “۔
اس کے علاوہ جمائما نے خیبرپختونخواہ اور پنجاب حکومت کے ریلیف فنڈ کے اکاؤنٹ نمبرز پرمبنی پوسٹربھی شیئرکیا۔
جمائما نے 28 اگست کو اپنی ٹویٹ میں فالوورز سے پوچھا تھاکہ عطیات کسے دینا چاہیئں جس کے جواب میں پاکستان سے سیکڑوں فالوورزنے اپنی رائے دی تھی، بیشتر نے الخدمت کو بہترین فلاحی سرگرمیاں سرانجام دینے کا کریڈٹ دیتے ہوئے جمائما کو اس تنظیم کا نام تجویز کیا تھا۔
سال 1995 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے عمران خان اورجمائما گولڈ اسمتھ کی راہیں 2004 میں جدا ہو گئی تھیں لیکن شادی کے بعد حائقہ کا اسلامی نام پانے والی جمائما نے طلاق کے بعد بھی اپنے نام کے ساتھ لفظ ‘‘خان’’ جوڑے رکھا۔