پورٹل سے موصول عطیات 24 گھنٹوں میں 2 ملین ڈالرز سے تجاوز کرچکے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے سمندر پار پاکستانیوں سے سیلاب متاثرین کی امداد جاری رکھنے کی اپیل کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپنے سمندر پار پاکستانیوں سےمیری التماس ہے کہ ذیل میں درج پورٹل کے ذریعے سیلاب متاثرین کے لیے عطیات بھجوانے کا سلسلہ جاری رکھیں۔
عمران خان نے کہا کہ فلڈ ریلیف پورٹل سے موصول ہونے والے عطیات 24 گھنٹوں میں 2 ملین ڈالرز سے تجاوز کرچکے ہیں، میں ان سب کا شکرگزار ہوں، جو پہلے ہی اپنا حصہ ڈال چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: عمران خان نے ٹیلی تھون میں 5 ارب روپے سے زائد جمع کرلیے
گزشہ روز پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سیلاب زدگان کے لیے انٹرنیشنل ٹیلی تھون میں500 کروڑ سے زائد کے عطیات اکٹھے کیے تھے۔
جس کے بعد عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ پاکستانیوں بالخصوص اورسیزپاکستانیوں کا دل کھول کرعطیات دینے پر مشکورہوں، صرف 3 گھنٹوں کی ٹیلیتھون میں 5 ارب روپے کے عطیات دئیے گئے۔