شاہراہ دستور پر تعمیر عمارت ”ون کانسٹیٹیوشن ایوینیو“ فوری طور پر خالی کرانے کا حکم مالکان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے اور بینک اکاؤنٹ فریز کرنے کا حکم

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے شاہراہ دستور پر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت ون کانسٹیٹیوشن ایوینیو کو فوری طور پر خالی کروانے کا حکم دے دیا۔

پی اے سی نے مالکان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے اور اسٹیٹ بینک کو مالکان کے بینک اکاؤنٹ فریز کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

چیئرمین اور کمیٹی ممبران نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے مقام کا دورہ بھی کیا۔

پی اے سی نے اجلاس میں ریاست اور اداروں کے خلاف میڈیا پر بیانات نشر ہونے کے معاملہ پر چیئرمین پیمرا اورسیکرٹری اطلاعات و نشریات کو طلب کر لیا۔

نور عالم خان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں ون کانسٹیٹیوشن ایوینیو کے معاملہ کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین پی اے سی نے استفسار کیا کہ چئیرمین سی ڈی اے بتائیں کیا سپریم کورٹ عمارت کے پلان کو تبدیل کر سکتی ہے؟ کیا اس وقت کے چیف جسٹس کو یہ اختیار حاصل تھا کہ وہ راتوں رات کہتے کہ اٹھارہ ارب روپے جمع کروانے پر ریگولرائز ہو جائے گا۔

ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے نے بتایا کہ 2016 میں عدم ادائیگی پر ون کانسٹی ٹیوشن ایوینیو کی لیز منسوخ کردی تھی، لیکن بعد ازاں سپریم کورٹ کے حکم پر بحال کر دی گئی تھی۔

ون کانسٹی ٹیوشن ایوینیو کے اپارٹمنٹ مالکان کی فہرست پی اے سی میں پیش کر دی گئی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ گزشتہ روز ون کانسٹی ٹیوشن ایوینیو کی لیز منسوخ کر کے وہاں ایڈمنسٹریٹر بٹھا دیا ہے، آج قبضہ حاصل کر لیا جائے گا۔

پی اے سی نے چیئرمین سی ڈی اے کو آج ہی قبضہ واگزار کروانے کا حکم دے دیا۔

پی اے سی نے ون کانسٹی ٹیوشن ایوینیو کے مالکان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت کر دی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے نے ون کانسٹی ٹیوشن ایوینیو سے اسوقت 14 ارب روپے وصول کرنے ہیں۔

پی اے سی نے ون کانسٹی ٹیوشن ایوینیو کے مالکان کے بینک اکاؤنٹ فریز کرنے اور ون کانسٹی ٹیوشن ایوینیو کے مالکان کے ٹیکس گوشواروں اور منی ٹریل کی جانچ پڑتال کی ہدایت کر دی۔

پی اے سی نے نیب کو ون کانسٹی ٹیوشن ایوینیو کی اراضی الاٹمنٹ کا کیس دوبارہ کھولنے کا حکم دے دیا۔

نور عالم خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا تحقیقات روکنے کا حکم غیر موثر ہو گیا ہے۔

اجلاس میں ثقافت اور قومی ورثہ ڈویژن کی آڈٹ رپورٹ 22-2021 زیر غور آئی۔

آڈٹ حکام نے ایوان اقبال لاہور میں سول ورکس میں 2 کروڑ 84 لاکھ روپے کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ایوان اقبال انتظامیہ نے پی ڈبلیو ڈی کے بجائے از خود تعمیراتی کام کروایا۔

ارکان کی تجویز پر آڈٹ اعتراض معمولی نوعیت کا ہونے پر نمٹا دیا گیا۔

آڈٹ حکام نے نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کراچی میں پابندی کے باوجود گاڑیاں خریدنے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی نے وزارت خزانہ کی پابندی کے باوجود تین گاڑیاں خریدیں۔

اکیڈمی انتظامیہ گاڑیوں کی خریداری پر پی اے سی کو مطمئن نہ کر سکی۔

پی اے سی نے ثقافت ڈویژن کی آڈٹ رپورٹ موخر کر دی۔

پی اے سی میں اداروں کے خلاف بیانات نشر ہونے کے معاملہ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

پی اے سی نے آئندہ اجلاس میں چیئرمین پیمرا اور سیکریٹری اطلاعات و نشریات کو بھی آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا۔

نور عالم خان نے کہا کہ پاکستان کے اداروں کے خلاف کھلم کھلا باتیں نشر کی جاتی ہیں۔ اب تک ایسے افراد اور بیانات نشر کرنے والے چینلز کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے۔ دنیا کے کسی ملک میں قومی مفاد کے خلاف ٹی وی چینلز پر خبریں نشر نہیں ہوتیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں