اقوام متحدہ کا پاکستان کیلئے 160 ملین ڈالرز امداد کی اپیل پر وزیراعظم کا اظہارِ تشکر

سیلاب کے باعث گھمبیر صورتحال کے معیشت پر بھی اثرات ہوں گے: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متھدہ (یو این) کا سیلاب زدگان کے لئے 160 ملین ڈالرز کی اپیل کرنے پر اظہار تشکر کیا ہے۔

سیلابی صورتحال پر بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب سے بچوں اور خواتین سمیت ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو خوراک، پانی اور دیگر اشیا کی ضرورت ہے، متعلقہ ادارے اور افواج سیلاب متاثرہ افراد کی مدد کررہے ہیں، البتہ متاثرین کو ریسکیو کے لئے ہیلی کاپٹرز کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سندھ میں کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، سیلاب سے 3 ہزار 500 کلو میٹر سڑکوں سمیت انفرااسٹرکچر متاثر ہوچکا ہے جب کہ سیلاب کے باعث گھمبیر صورتحال کے معیشت پر بھی اثرات ہوں گے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کے ریلیف اور ریسکیو کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جب کہ کچھ ملکوں نے ٹرین کے ذریعے بھی امدادی سامان بھجوانا شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری کا امداد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیلابی صورتحال میں بروقت امداد پر عالمی برادری اور 160 ملین ڈالرز امداد کی اپیل پر اقوام متحدہ کے مشکور ہیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں