پاکستان سیلاب کی اس بڑی تباہ حالی کا اکیلے مقابلہ نہیں کرسکتا

سیلاب نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا، پاکستان کو امداد کی سخت ضرورت ہے، عالمی برادری کی مدد ریلیف سرگرمیوں میں معاون ہوگی۔ ریذیڈنٹ کوآرڈی نیٹر اقوام متحدہ جولیان ہارینس کی پریس کانفرنس

اسلام آباد

ریذیڈنٹ کوآرڈی نیٹر اقوام متحدہ جولیان ہارینس نے کہا ہے کہ پاکستان سیلاب کی اس بڑی تباہ حالی کا اکیلے مقابلہ نہیں کرسکتا، سیلاب نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا، پاکستان کو امداد کی سخت ضرورت ہے، عالمی برادری کی مدد ریلیف سرگرمیوں میں معاون ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے ریذیڈنٹ کوآرڈی نیٹر اقوام متحدہ جولیان ہارینس کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ متاثرہ افراد کی بحالی سب سے اہم اور ضروری عمل ہے، غیر معمولی بارشوں سے ملک میں سیلابی صورتحال ہے، سیلاب سے لاکھوں لوگ بےگھر ہوچکے ہیں، لوگوں تک کھانا پہنچانا بہت مشکل ہوگیا ہے، اس وقت ہمارا فوکس ریسکیو اور بحالی کے کاموں پر ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے میں کئی ماہ لگ جائیں گے، بارشوں اور سیلاب سے معیشت کو بھی بہت نقصان اٹھانا پڑا، رواں سال ہونے والی مون سون بارشیں غیرمعمولی ہیں، 72 اضلاع میں 3 کروڑ افراد کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، سیلاب سے 20 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئی ہیں، سیلاب متاثرین میں 25 ہزار فی خاندان تقسیم کیے جا رہے ہیں، جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 10،10لاکھ روپے فراہم کئے جا رہے ہیں، سیلابی صورتحال میں فوج اور سول سوسائٹی کے کردار کو سراہتے ہیں۔

اس موقع پر ریذیڈنٹ کوآرڈی نیٹر اقوام متحدہ جولیان ہارینس نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، حالیہ سیلاب نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا، پاکستانی اپنے ہم وطن بھائیوں کی مدد کرنے میں پیش پیش ہیں، این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کیلئے کام کر رہے ہیں، پاکستان کو اس وقت امداد کی سخت ضرورت ہے، ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد میں پیش پیش ہیں، عالمی برادری کی مدد متاثرین کیلئے ریلیف سرگرمیوں میں معاون ہوگی، آنے والے دن بہت سرد ہوں گے، بچوں کیلئے دوائیاں اور ہنگامی خوراک کی اپیل ہے، پاکستان جیسے ملک میں بڑی سطح پر تباہی مشکل مرحلہ ہے، اس بڑی تباہ حالی کا پاکستان اکیلا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں