اسلام آباد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرکے سمری وفاقی حکومت کو بھجوا دی ہے۔وفاقی حکومت کو بھجوائی گئی پہلی تجویز کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی گئی۔اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات قیمتوں سے متعلق بھجوائے گئی تجویز میں اوگرا نے پٹرول اور ڈیزل پر دو سے پانچ فیصد فی لیٹر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی۔
ڈیزل پر 5 سے 10 روپے فی لیٹر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی گئی۔دو فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے پر پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اضافہ کیا جا سکتا ہے۔پانچ فیصد جی ایس ٹی عائد کیا جائے تو پٹرول کی قیمت میں 13 روپے 60 پیسے تک اضافہ ممکن ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کی بھی تجویز دی گئی۔گزشتہ پندرہ دنوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
اوگرا نے دوسری سمری میں تجویز دی کہ عالمی منڈیوں کے تناسب سے ٹیکس عائد کرکے بھی قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیر خزانہ وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد کریں گے۔خیال رہے کہ ملک میں خام تیل کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر10فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ اوگرا اورانڈسٹری کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکرجنوری 2023 تک کی مدت میں 4637000 ٹن خام تیل کی درآمدات ریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 10 فیصد کم ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 5145000 ٹن خام تیل کی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔