سر درد اور بخار کی ادویات کی نئی قیمتیں مقرر کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے سر درد اور بخار کی ادویات کی قیمتوں کا تعین کر دیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیرا سیٹا مول 500 ملی گرام کی ایک گولی کی قیمت 2 روپے 67 پیسے مقرر کی گئی ہے،جبکہ پیرا سیٹا مول کی 200 گولیوں کا ڈبہ 534 روپے میں فروخت ہو گا۔
پیراسیٹا مول کیفین کی ایک گولی کی قیمت 3 روپے 32 پیسے مقرر کی گئی ہے،پیراسیٹا مول کیفین 500/65 ملی گرام کی 100 گولیوں کی قیمت 332 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ ڈریپ حکام کے مطابق حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد قیمتوں کا تعین کیا گیا،نوٹیفکیشن میں درج قیمتوں کے تحت ہی پیرا سیٹا مول فروخت ہو گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کابینہ اجلاس میں 20 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی سمری منظور دی۔
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے بتایا کہ کابینہ کی جانب سے 18 نئی ادویات کی قیمتوں کو فکس کرنے کی بھی منظوری دی گئی،ادویات کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ فکس ہونے والی ادویات کی قیمت بھارت اور بنگلادیش سے کم ہیں، ہماری حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔ جبکہ وفاقی کابینہ نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے 170 ارب روپے کے نئے ٹیکسز نافذ کرنے اور گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی معاشی صورت حال اور آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے کابینہ اراکین کو بریفنگ دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے 170ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کی منظوری دی جبکہ کابینہ نے ٹیکس قوانین بلز2023 کی منظوری دی،وفاقی کابینہ نے قومی اسمبلی اور سینٹ کا اجلاس 15 فروری کو بلانے کا فیصلہ کیا تھا۔