پی ایس ایل 8:ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 52رنز سے شکست دیدی

ملتان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے ساتویں گروپ میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ  کو 52 رنز سے شکست دے دی ہے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 138 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی، ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ پہلے اوور میں ہی گرگئی جب شان مسعود رومان رئیس کی گیند پر 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور رائیلی روسو نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا، رائیلی روسوو 30 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان 38 گیندوں پر 50 رنز بنا کرپویلین لوٹے، ڈیوڈ ملر بیٹنگ کے لیے آئے تو انہوں نے صرف 24 گیندوں پر 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ کیرون پولارڈ 21 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسی طرح ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس، کپتان شاداب خان، محمد وسیم جونیئر اور ٹام کرن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز نے ایونٹ میں اب تک 3 میچز کھیلے ہیں اور ان میں سے دو میچز میں کامیابی حاصل کی جب کہ ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ملتان سلطانز نے گزشتہ میچ میں کپتان رضوان اور روسوو کی شاندار بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو 54 رنز سے شکست دی تھی۔

اعداد و شمار کے لحاظ سے اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک میچ کھیلا ہے جس میں اس نے فتح حاصل کی ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کولن منرو اور اعظم خان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کا فاتحانہ انداز میں آغاز کیا تھا۔

آج کے میچ میں ملتان سلطانز محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، رائلی روسوو، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، کارلوس بریتھ ویٹ، اسامہ میر، محمد الیاس، عباس آفریدی اور احسان اللہ پر مشتمل تھی جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی شاداب خان (کپتان)، پال اسٹرلنگ، حسان نواز، کولن منرو، راسی وین ڈر ڈوسن، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، ٹام کرن، محمد وسیم جونیئر اور رومان رئیس نے کی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں