گزشتہ روز سستا ہونے والا سونا آج پھر ہزاروں روپے مہنگا فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 800 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 96 ہزار روپے ہوگئی

 گزشتہ روز سستا ہونے والا سونا آج پھر ہزاروں روپے مہنگا ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آج کاروباری ہفتے کے آخری دن سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا، اس حوالے سے آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا ہے کہ ملک میں آج فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 800 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 96 ہزار روپے ہوگئی جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 400 روپے اضافے سے ایک لاکھ 68 ہزار 38 روپے ہوچکی ہے، اسی طرح عالمی صرافہ بازار میں بھی سونا مہنگا ہوا جہاں سونے کی قیمت 19 ڈالر اضافے سے ایک ہزار 843 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

بتاتے چلیں گزشتہ روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا 2800 روپے سستا ہوا تھا، جس سے ایک تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 93 ہزار200 روپے ہوئی تھی، اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں 2400 روپے کی کمی ہوئی یوں اس کی قیمت 1 لاکھ 65 ہزار638 روپے ہوگئی تھی۔

اس حوالے سے ایک رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ سال 2022ء میں سونے کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، عام طور پر مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت عالمی مارکیٹ کے زیر اثر بڑھتی یا کم ہوتی ہے لیکن گزشتہ برس عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر کمی ریکارڈ کی گئی لیکن اس کے باجود مقامی طور پر سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا، پاکستان میں سونے کی قیمت میں حالیہ اضافے کی وجہ پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ بتایا جارہا ہے۔

صراف جیولرز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ سال 2022 کے آغاز پر ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 26 ہزار روپے تھی جو سال کے اختتام پر ایک لاکھ 84 ہزار 100 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی یعنی سال بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 58 ہزار 100 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اس کے مقابلے میں عالمی مارکیٹ میں سال کے آغاز پر سونے کی فی اونس قیمت 1820 ڈالر تھی جو سال کے آخر میں 1818 ڈالر ہوگئی یعنی سال بھر میں فی اونس سونے کی قیمت میں 2 ڈالر کی کمی ہوئی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں