امریکا نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے مزید 3 کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کر دیا۔
امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے مطابق اضافی رقم پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے خرچ کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے امریکا کی جانب سے اضافی امداد پر اظہار تشکر کیا ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ نے سیلابی صورتحال کے باعث پاکستان کے لیے 16 کروڑ ڈالر امداد کی اپیل کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گویترس نے پاکستان میں سیلاب کی صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کی میزبانی کرنے والے ملک پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ پاکستان میں سیلاب اور بارشوں سے ہونے والی تباہی پر رنجیدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پاکستان کو امداد کی ضرورت ہے جبکہ اقوام متحدہ 52 لاکھ متاثرہ افراد کو خوراک اور ضروری اشیا فراہم کرے گا۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے مواصلاتی نظام تباہ ہو گیا ہے اور گرین ہاؤس گیس عالمی حدت کا باعث بن رہی ہیں۔