مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے کا نیا ریکارڈ قائم فی کلو برائلر گوشت کی قیمت مزید 15 روپے اضافے سے 600 روپے سے زائد ہو گئی

لاہور مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے کا نیا ریکارڈ قائم، فی کلو برائلر گوشت کی قیمت مزید 15 روپے اضافے سے 600 روپے سے زائد ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت مزید 15روپے اضافے سے609روپے ، زندہ برائلر مرغی کی قیمت10روپے اضافے سی406روپے فی کلو ہو گئی، جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت280روپے فی درجن پر مستحکم رہی۔

شہر میں برائلر گوشت دو روز میں 34روپے فی کلو مہنگا ہوا ہے۔ دوسری جانب ملک میں جاری مہنگائی کا طوفان مزید شدت اختیار کرنے لگا، مہنگائی کی شرح مزید بڑھ گئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.17 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ملک میں سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 34.83 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔

حالیہ ہفتے کے دوران دال، چکن، آلو، گھی سمیت 29 اشیاء مہنگی ہوئیں، ایک ہفتے کے دوران آلو 4 روپے، زندہ مرغی کا فی کلو گوشت 27 روپے مہنگا ہوا۔ فی کلو گھی کی قیمت میں تقریباً 29 روپے اور دال ماش 9 روپے فی کلو مہنگی ہوئی، دال چنا 4 روپے سے زائد اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 104 روپے مزید مہنگا ہوا۔ یہاں واضح رہے کہ ملک کے معروف ماہر معیشت ڈاکٹر حفیظ پاشا نے دنیا نیوز کے پروگرام آج کامران خان میں گفتگو کرتے ہوئے ملکی معیشت سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں