حکومت بے گھر افراد کیلئے25 سے 30 لاکھ روپے امداد کا اعلان کرے، سراج الحق

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں، سیلاب متاثرین کی مدد کا ہے، سیلاب متاثرین قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران سے گلہ کر رہے ہیں، سیاسی بنیادوں پر امدادی سامان کو تقسیم کیا جا رہا ہے، متاثرین میں امدادی سامان انسانیت کی بنیاد پر تقسیم کیا جائے۔

سراج الحق نے کہا کہ فوری طور پر لوگوں کو بچانا تھا، اب بھی بچانا ہے، لوگ ایک جوڑا کپڑا لے کر گھروں سے نکلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کھانے کے علاوہ لوگوں کو خیموں کی فوری ضرورت ہے، اگلا مرحلہ سیلابی پانی نکالنے کا ہے، بے گھر ہونے والے افراد کیلئے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ رقم بہت کم ہے، حکومت بے گھر ہونے والے افراد کیلئے 25 سے 30 لاکھ روپے امداد کا اعلان کرے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان، اندرون سندھ اور خیبر پختونخوا میں سیلاب سے تباہی ہوئی ہے، ہم نے قومی سطح پر ایک ٹاسک فورس بنائی ہے۔

علاوہ ازیں سراج الحق نے لاہور سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت اور وفاقی و صوبائی حکومتیں مفادات کی جنگ پر سیز فائر کریں، یہ وقت سیاسی لڑائیوں کا نہیں بلکہ متاثرہ افراد کا بوجھ اٹھانے کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آخری فرد کی گھر واپسی تک امداد و بحالی کا سلسلہ جاری رہے گا، مخیرافراد سے اپیل ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے آگے بڑھیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بے بسی اور حکمرانوں کی بدانتظامی کے دلخراش مناظر قوم دیکھ رہی ہے، بزرگ، عورتیں اور شیرخوار بچے کھلے آسمان کے نیچے پڑے ہیں، بیماریاں پھیل رہی ہیں، لوگوں کے پاس خوراک تک دستیاب نہیں ہے، دیہاڑی دار لوگ مسلسل بارشوں کی وجہ سے بے روزگار ہو چکے ہیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں