پٹرول ڈیزل کے بعد ایل پی جی بھی مہنگی‘ فی کلو قیمت میں 59 روپے 60 پیسے اضافہ ایل پی جی کی نئی سرکاری قیمت 263 روپے 95 پیسے فی کلو مقرر‘ گھریلو سلنڈر 703 روپے 24 پیسے مہنگا ہو گیا۔ نوٹی فکیشن جاری

 ملک میں پٹرول اور ڈیزل کے بعد ایل پی جی بھی مہنگی کرتے ہوئے فی کلو قیمت میں 59 روپے 60 پیسے کا اضافہ کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت میں 59 روپے 60 پیسے فی کلو گرام اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا، جس کے تحت ایل پی جی کی نئی سرکاری قیمت 263 روپے 95 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے، اسی طرح 11.8 کلوگرام کا گھریلو سلنڈر 703 روپے 24 پیسے مہنگا ہو گیا اور گھریلو سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 114 روپے مقرر کر دی گئی۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ابھی دو روز قبل ہی وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا، اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پٹرول کی قیمت میں 35 روپے فی لٹر اضافی کیا جارہا ہے جب کہ ڈیزل کی فی لٹر قیمت بھی 35 روپے بڑھائی جارہی ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر 262 روپے 80 پیسے کا ہوگیا، اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 18, 18 روپے فی لٹر اضافی کیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی کیروسین آئل فی لیٹر 189 روپے 83 پیسے کا ہو گیا جب کہ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 187روپے کردی گئی ہے۔

جس کے ساتھ ہی ملک میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ کردیا، آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے کرایوں میں 10 فیصد تک اضافہ کیا ہے، لاہور سے راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے کرائے میں 100 روپے اضافہ کردیا گیا، لاہور سے گوجرانوالہ 50، پشاور اور صادق آباد کے لیے کرائے میں 200 روپے جب کہ لاہور سے کراچی کے لیے کرائے میں 600 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں