ترکیہ اور یو اے ای کے فوجی طیارے بھی امدادی سامان لیکر پاکستان پہنچ گئے ہیں
اسلام آباد, چین کی طرف سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے 100 ملین یوآن (آر ایم بی) امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کی جانب سے صدر پاکستان عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سے سیلاب کی صورتحال پر افسوس اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ چین کے صدر اور وزیراعظم کا پیغام پاکستان میں چینی سفیرنونگ رونگ نے پاکستانی قیادت کوپہنچایا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے چین کے صدرشی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح چینی قیادت اور عوام نے پاکستان سے دوستی اور فراخدلی کامظاہرہ کیا ہے،چین کے صدر اور وزیراعظم کا دل سے شکرگزار ہوں۔
چین نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ملین یوآن امداد کا اعلان کیا،جبکہ چین کی فضائیہ کی پروازیں 300 خیموں کی پہلی کھیپ لیکر آج اور کل کراچی پہنچیں گی۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترکیہ سے 7 فوجی طیارے امدادی سامان لیکر کراچی پہنچ گئے ہیں،متحدہ عرب امارات سے 3 فوجی طیارے نورخان ایئر بیس راولپنڈی پہنچ چکے۔ چین سے 2 طیارے 3000 خیمے لیکر آج کراچی پہنچیں گے،جاپان سے ترپالیں اور پناہ گاہیں آج کراچی پہنچیں گی،جبکہ کینیڈا نے 5 ملین امریکی ڈالر کی امداد کا اعلان کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برطانیہ نے 1.5 ملین پاؤنڈ دینے کا وعدہ کیا،آذربائیجان نے 2 ملین امریکی ڈالر کا اعلان کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی فلڈ ریلیف کوآرڈی نیشن سینٹر ہیڈ کوارٹر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ کے تحت کام کر رہا ہے،مرکز پاک فوج کی سطح پر شراکت داروں کے ساتھ بچاؤ اور امدادی کاوشیں مربوط بنا رہا ہے۔ ریلیف آئٹمز اکٹھا کرنے کے لیے 217 پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں،اب تک آٹا، دال، چینی سمیت 123 ٹن خوراک،5.9 ٹن خیمے، رضائیاں، کپڑے اکٹھے ہو چکے۔