پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہونے کا امکان، جنوری کیلئے اوگرا کی جانب سے دو تجاویز تیار، اوگرا کی جانب سے ورکنگ پیپر مکمل کر لیا گیا۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق 16 جنوری کیلئے اوگرا کی جانب سے دو تجاویز تیار کی گئیں، لیوی کی شرح بڑھانے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے ڈیزل کی قیمت بڑھ سکتی ہے، ڈیزل پر 30 روپے فی لٹر لیوی ٹیکس عائد ہے جسے بڑھا کر 50 روپے کیا جا سکتا ہے۔
دوسری تجویز کے مطابق اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار بھی رکھی جا سکتی ہیں، تجاویز پیر کو حکومت کو بھجوائی جائیں گی، قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیر خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کریں گے۔
یہاں یہ واضح رہے کہ ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے معیشت کی بحالی کے لیے منصوبہ تیار کر لیا۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے پٹرولیم لیوی 70 روپے سے بڑھا کر 100 روپے فی لیٹر کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔
مجوزہ منصوبے کے تحت ٹارگٹڈ سبسڈی معاشرے کے صرف کم آمدن طبقے کو دی جائے گی جبکہ پٹرولیم مصنوعات اور گیس پر لیوی 70 سے 100 روپے فی لیٹر کرنے کی تجویز ہے۔ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے عوام پر مہنگائی کا “ایٹم بم” گرانے کی تجویز دے دی۔ روزنامہ دنیا کی رپورٹ کے مطابق مخدوم سید احمد محمود کا کہنا ہے کہ ہم نے بہت عیاشیاں کر لیں، پٹرول 500 روپے اور بجلی کا یونٹ 100 روپے کا کیا جائے، اب مسئلہ ہماری بقا کا ہے، ہم نے ملک بچانا ہے تو پھر قربانی سب کو دینا ہو گی۔
پٹرول مہنگا ہو گا تو پٹرول کی ناصرف بچت ہو گی بلکہ ٹریفک بھی کنٹرول ہو گی، جبکہ بجلی کے معاملے میں 300 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو چھوڑ کر باقی سب کیلئے فی یونٹ قیمت 100 روپے کر دی جائے، ان اقدامات سے توانائی کی بچت ہو گی اور گردشی قرضہ بھی رک جائے گا۔