چین سے اسٹیٹ آف دی آرٹ 70 ریلوے بوگیاں پاکستان روانہ کردی گئیں، ٹیکنالوجی معاہدے کے تحت 620 ویگنیں پاکستان میں بنیں گی، نئی ویگنوں سے ریلوے آمدن میں سالانہ ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوگا۔ دنیا نیوز کے مطابق چین سے پاکستان کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ 70 ریلوے بوگیاں پاکستان روانہ کردی گئیں۔
وزارت ریلوے کا کہنا ہے کہ 820 ویگنوں میں رواں سال مارچ میں ایسی مزید 130 ویگنیں ریلوے سسٹم میں شامل ہو جائیں گی، ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی معاہدے کے تحت باقی 620 ویگنیں پاکستان میں بنیں گی۔ نئی ویگنز سے ریلوے آمدن میں سالانہ ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہو گا، موجودہ ویگنیں 60 ٹن وزن کے ساتھ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے ،ہوابازی خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ امریکا میں روزویلٹ ہوٹل کو بیچا جارہا ہے، میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایسی کوئی تجویز نہیں ، 2020 میں روزویلٹ ہوٹل بند پڑا رہنے کے اخراجات 25 ملین ڈالر کے ہیں، ان اخراجات کو نیچے لانے کیلئے 300 کمروں کو فنکشنل کرنے کیلئے کچھ پیسا درکار ہے، واضح بتایا گیا کہ یہ ہوٹل نہیں بیچا جائے گا، پھر تھوڑے دن پہلے ایک اور کہانی آئی جب حکومت نے 3ایئرپورٹ کے آپریشن کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا تو کہانی بنائی گئی کہ ایئرپورٹس کی نجکاری ہونے لگی ہے، سی اے اے کے ذرائع سے جیونیوز نے خبر دی کہ ایئرپورٹس کی نجکاری ہورہی ہے، جبکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 3ایئرپورٹس کے آپریشن کو 20 یا 25 سال کی مدت کیلئے آؤٹ سورس کرنا ہے، جس کے عوض حکومت کو پریمیئم ملے گا،بیرونی سرمایہ کاری آئے گی، وہ اپنا کام کرکے چلے جائیں گے ہمارے ایئرپورٹس ہمارے پاس رہیں گے، ہماری سروسز انٹرنیشنل لیول کی ہوجائیں گی، یہ کام ساری دنیا نے کیا ہوا ہے، انڈیا اور سعودی عرب میں بھی ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کیا گیا ہے، یہ کوئی نجکاری نہیں ہے۔