انتقال سے قبل ماجد جہانگیر کے الزامات پر وسیم بادامی کا جواب معروف کامیڈین ماجد جہانگیر علالت کے باعث آج انتقال کرگئے

پی ٹی وی کے مزاحیہ شو ففٹی ففٹی کے مرکزی کردار ماجد جہانگیر آج دنیا فافی سے کوچ کرگئے تاہم چند روز قبل ایک ویڈیو بیان وائرل ہوا تھا جس میں انہوں ٹی وی اینکر وسیم بادامی اور اقرار الحسن پر کئی الزام عائد کئے تھے جس پر گزشتہ روز وسیم بادامی نے ایک ویڈیو میں اپنا ردعمل جاری کیا تھا ۔

چند روز قبل ماجد جہانگیر نے معروف ٹی وی اینکر اقرارالحسن اور وسیم بادامی پر الزام عائد کیا تھا کہ ان دونوں نے ان کے نام پر کی گئی فنڈ ریزنگ ٹیلی تھون میں جمع ہونے والی 10 لاکھ روپے کی رقم ان کو نہیں دی تھی جبکہ اینکر وسیم بادامی نے یہاں تک دعویٰ کیا تھا کہ وہ اداکار کوایک نئی گاڑی بھی عطیہ میں دیں گے تاکہ وہ اسپتال تک باآسانی جا سکیں۔

ماجد جہانگیر کے مطابق وعدے وفا نہ ہوسکے،انہیں نہ تو وہ گاڑی دی گئی تھی اور نہ ہی ان کے علاج کے نام پر جمع ہونے والی رقم ملی تھی۔

اس انٹرویو کے وائرل ہونے پر وسیم بادامی نے مکہ مکرمہ سے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے ماجد جہانگیر کے الزامات پر جواب دیا تھا۔

ماجد جہانگیر کے الزامات کے جواب میں وسیم بادامی کا کہنا تھا کہ میں اس وقت مکہ مکرمہ میں موجود ہوں اور عمرہ کی ادائیگی میں مصروف ہونے کی وجہ سے فوری جواب نہیں دے پایا تھا تاہم اب جواب دینا ضروری ہوچکا ہے۔

وسیم بادامی نے اپنے کمرے کی کھڑی سے خانہ کعبہ کا دیدار کرواتے ہوئے بتایا کہ ماجد جہانگیر جس پروگرام کی بات کررہے ہیں اس میں کبھی بھی کرولا گاڑی نہیں آئی، یہ اقرار الحسن کا پروگرام تھا اور میں صرف اقرار الحسن کا ساتھ دینے کیلئے سیٹ پر آتا ہوں۔

وسیم بادامی نے بتایا کہ اس پروگرام میں لوگوں نے رقوم کا اعلان ضرور کیا لیکن حقیقت یہ ہے کہ دنیا میں کہیں بھی امداد کے اعلانات کچھ اور ہوتے ہیں اور حقیقت میں جمع ہونے والی رقم کچھ اور ہوتی ہے کیونکہ لوگ اعلان تو کردیتے ہیں لیکن دیتے وقت اس میں کمی بیشی کردیتے ہیں۔

وسیم بادامی نے یہ ویڈیو ماجد جہانگیر کے انتقال سے پہلی بنائی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئےدعا بھی لیکن ماجد جہانگیر علالت کے باعث گزشتہ شب انتقال کرگئے ہیں۔

ماجد جہانگیر نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز معین اختر کے شو ’’سات رنگ‘‘ سے کیا جو پی ٹی وی پر نشر ہوتا تھا۔ 1979 میں انہوں نے پی ٹی وی کے مزاحیہ شو ففٹی ففٹی میں اسماعیل تارا، زیبا شہناز، بشریٰ انصاری، اور اشرف خان کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔ یہ شو ملک بھر میں بہت مقبول ہوا اور 1985 تک ماجد جہانگیراس شو کی مرکزی کاسٹ میں رہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں