وسیم اکرم کا شارک سے آمنا سامنا غوطہ خوری کے دوران وسیم اکرم کا سامنا شارک مچھلی سے ہوا، جس نے انہیں خوف میں مبتلا کردیا۔

وسیم اکرم نے تقریباً دو دہائی قبل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، تاہم وہ اب بھی کافی چست اور تندرست ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کی کھیل سے جڑی سرگرمیوں کی ویڈیوز کافی وائرل ہوتی رہتی ہیں۔

وسیم اکرم ان دنوں اپنی اہلیہ شنیرا اکرم کے ساتھ مالدیپ میں چھٹیاں گزار رہے ہیں، جہاں سے وہ سوشل میڈیا پر دلچسپ ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کر رہے ہیں۔

سابق کپتان نے حال ہی میں اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ مالدیپ میں سکوبا ڈائیونگ کرتے نظر آرہے ہیں۔

لیکن غوطہ خوری کے دوران ان کا سامنا شارک مچھلی سے ہوا، جس نے انہیں خوف میں مبتلا کردیا۔

ویڈیو میں بائیں ہاتھ کے سابق فاسٹ بولر کو گہرے شفاف پانی پانی میں تیراکی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور وہ بڑی تعداد میں مچھلیوں میں گھرے ہوئے ہیں۔

لیکن اچانک ایک شارک ان کے سامنے آ گئی۔ وہ چند لمحوں کے لیے چونکے لیکن شارک جلد ہی غائب ہو گئی۔

لیجنڈری پیسر نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ”یہ پہلی نظر میں محبت ہو سکتی تھی، لیکن قدرے خوفناک تعارف کے بعد، مجھے نہیں لگتا کہ میں اس کے مقابلے کا آدمی ہوں۔“

ان کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی اس واقعے کی کشتی سے بنائی گئی وڈیو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ”قدرے قریبی ملاقات، سب کچھ سست رفتار پر فلمایا گیا، وہ وقت جب وسیم نے اپنے سے بڑی شارک کے ساتھ تیراکی کی، کیا ناقابل یقین تجربہ تھا۔“

فی الحال شائقین وسیم اکرم کی سوانح عمری ”سلطان: اے میموئیر“ کی ریلیز کے منتظر ہیں جو اس سال ریلیز ہوگی۔

سابق کرکٹرز کی کتاب سے کچھ چونکا دینے والی خبریں گزشتہ سال سامنے آئی تھیں، جس نے سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کی تھی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں