کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کےمقبول ترین بلوچی گانے ’ کنایاری’ سے ملک گیرشہرت حاصل کرنے والے گلوکارکیفی خلیل کے مداحوں میں گورنرسندھ کامران ٹیسوری بھی شامل ہیں۔ کیفی کو گورنرہاؤس بلا کر گانا سُنا اورحوصلہ افزائی کی۔
گورنر سندھ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنی ٹویٹ میں ویڈیو شیئرکی جس میں وہ کیفی کے گانے ’ کہانی سُنو’ سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
ویڈیو میں کیفی کے والہانہ استقبال کے مناظر کے علاوہ گورنرکی جانب سے انہیں اعزازی شیلڈ دیے جانے کے مناظر بھی واضح ہیں۔
لیاری سے تعلق رکھنے والے انتہائی با ادب نوجوان اور اپنی سریلی آواز سے لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے کیفی خلیل کو گورنر ہاؤس مدعو کرکے حوصلہ افزائی بھی کی اور ان کے فن سے محظوظ بھی ہوئے@kaifi_khalil #kaifikhalil #kahanisuno #Governorhouse pic.twitter.com/ZfxfYbgofm
— Kamran Tessori (@KamranTessoriPk) January 7, 2023
کامران ٹیسوری نے لیاری جیسے پسماندہ علاقےسے تعلق رکھنے والے باصلاحیت کیفی خیل کے فن کو سراہتے ہوئے کیپشن میں گلوکارکو ’انتہائی با ادب نوجوان اوراپنی سریلی آواز سے لاکھوں دلوں پر راج کرنے والا‘ قرار دیا۔
کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں جدت کے باعث انتہائی مقبولیت حاصل کرنے والے ’کنایاری‘ کو کیفی کے علاوہ لیاری سے ہی تعلق رکھنے والی پاکستان کی پہلی باحجاب ریپر ایوابی اور بلوچستان کے گلوکار وہاب بگڑی نے گایا تھا۔
کیفی نے ابتدائی طور پر ’کہانی سنو‘کو جون 2021 میں ریلیز کیا تھا، جسے کافی سراہا گیا تھا۔ بعد ازاں گلوکار نے اسی گانے کو نئے انداز میں جون 2022 میں ریلیز کیا۔
گورنرسندھ کے بھی پسندیدہ اس گانے کو سوشل میڈیا پرانتہائی مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔
کیفی کی اجازت سے گلوکارہ آئمہ بیگ بھی یہ گانا گاچکی ہیں جبکہ یہ حال ہی میں نشرکیے جانے والے ڈرامہ سیریل ’ مجھے پیار ہواتھا’ کا او ایس ٹی بھی ہے۔