عمران خان اور تمام سازشی کرداروں کو جواب دینا پڑے گا، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان اور تمام سازشی کرداروں کو جواب دینا پڑے گا۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آڈیو لیکس ملکی معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کا ثبوت ہے اور یہ سازش عمران خان سے شروع ہو کر وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تک آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹولہ 4 ماہ سے جاری محنت کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہا تھا اور خط کا مقصد تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا پروگرام منظور نہ ہوسکے۔ عمران خان اور تمام سازشی کرداروں کو جواب دینا پڑے گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ شوکت ترین جیسے آدمی بھی اس میں ملوث ہیں جسے پاکستان نے بہت کچھ دیا اور عوام کے سامنے باتیں رکھنا پڑیں گے کہ انہوں نے اقتدار میں کیا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج آئی ایم ایف نے ساتویں اور آٹھویں جائزے کی منظوری دی اور آئی ایم ایف کا پاکستان کے ساتھ پروگرام بحال ہو گیا۔ شوکت ترین سمیت عمران خان کی ٹیم نے 4 سال پاکستان کی معیشت تباہ کی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں مفتاح اسماعیل اور ٹیم نے معیشت کو دوبارہ پٹری پر ڈالا ہے۔ خط کب لکھنا ہے، کیسے لکھنا ہے، کب بھیجنا ہے، اس کے ملک پر کیا اثرات ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پنجاب سے یہ خط نہیں آیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں