مریم کی جانب سے اعلانات کروائے گئے کہ آؤ، کرایہ خرچ کرکے گئے لیکن کچھ نہ ملا
گزشتہ روزڈیرہ غازی خان تونسہ شریف میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے والی مریم نواز کو سوشل میڈیا پر خاصی تنقید کا سامنا ہے۔
ٹبی قیصرانی اوربستی ناڑی میں متاثرین سے ملاقات کرنے والی مریم نے متاثرین کے مسائل سنے اورہرممکن مدد کی یقین دہانی کرائی لیکن سوشل میڈیا پرکئی ایسے متاثرین کی ویڈیو وائرل ہیں جنہیں شکوہ ہے کہ مریم نے ان کی داد رسی نہیں کی۔
اس دورے کے بعد مریم نوازنے ٹوئٹرہینڈل پراپنی ڈی پی ( تصویر )بھی تبدیل کرلی جس میں وہ ایک خاتون کو گلے سے لگائے ہوئے ہیں۔
اس خاتون کا انٹرویوبعد ازاں اردوپوائنٹ نے کیا جس میں وہ اس بات پرغم وغصے کااظہار کررہی ہیں کہ مریم انہیں گلے لگاکر،کمر پر ہاتھ پھیرکرچلی گئیں، لیکن کوئی چیزیا امداد نہیں دے کرگئیں۔
شکوہ کناں خاتون نے کہا کہ ہماری بینظیرانکم سپورٹ اوراحساس پروگرام کی رقم بھی بند کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ، “ وہ سب سے گلے نہیں ملیں بس ایک مجھے ہی گلےلگایا“ ، اس بات پررپورٹرکی جانب سے فکاہیہ انداز میں خود کوخوش نصیب قراردینے پرخاتون بھڑک اٹھیں اورکہا کہ ’ میں کوئی خوش نصیب نہیں ہوں ’۔
خاتون کے مطابق ، “مریم کی جانب سے اعلانات کروائے گئے تھے کہ آؤ، ہم کرایہ خرچ کر کے گئے لیکن مریم نے صرف میری کمر پرہاتھ پھیرا اور ہمیں کچھ نہ دیا۔ یہ کسی کو کچھ نہیں دے سکتے، ہم اس کے ماننے والے ہیں جو پوری کائنات کو دینے والا ہے۔ یہ ایک جگہ جاتے ہیں، باقی مخلوق مررہی ہے لیکن انہیں کچھ پتہ نہیں ہے” ۔
دوسری جانب مریم کی جانب سے خاتون کے ہمراہ ڈی پی لگانے کے علاوہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کی دیگرتصاویر بھی شیئرکی گئی ہیں۔