ملک بھر میں تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات اب موٹروے پر بھی نظر آنا شروع ہو گئے۔ موٹروے پر پہلے مختلف اشیا کے من مانے ریٹ پر بیچنے کی خبریں تو سامنے آتی رہتی تھیں، اب بتایا گیا ہے کہ موٹروے پر واش روم فیس میں 50 فیصد سے زائد اضافہ کر دیا گیا، جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اسلام آباد پشاور موٹروے(ایم ون )کے سروس ایریاز پر کھانے پینے کی اشیاء کے من مانے نرخوں کی شکایات توسامنے آتی ہی رہتی ہیں مگر اب ایم ون سروس ایریاز پر پیڈ واش روم سروس کی فراہمی میں بھی من مانی فیس وصولی شروع کر دی گئی ہے اور موٹروے ایم ون پر واش روم استعمال کرنیکی فیس 50 روپے سے بڑھا کر 80 روپے کر دی گئی ہے جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مسافروں کی جانب سے این ایچ اے اور دیگر متعلقہ حکام سے پچاس فیصد سے بھی زائد اضافے پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں این ایچ اے کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ موٹرویز پر فری واش روم کی سہولت بھی مسافروں کو دستیاب ہے جبکہ جن واش رومز کے پیسے بڑھائے جا رہے ہیں اس حوالے سے انہوں نےکوئی موقف نہیں دیا۔