ملک میں ایک سال میں مہنگائی کی شرح میں 21.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک سال میں شہری علاقوں میں مہنگائی میں 21.6 فیصد اور دیہاتوں میں 28.8 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ 7 ماہ میں مہنگائی20 فیصد سے زیادہ رہی۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں ایک سال میں مہنگائی میں 21.6 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح سال 2022 میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 21.6 فیصد اضافہ رپورٹ ہوا۔
جبکہ ایک سال میں دیہی علاقوں میں مہنگائی میں 28.8 فیصد ریکارڈ ہوا۔ گزشتہ سات ماہ سے ملک میں مہنگائی 20 فیصد سے زیادہ رہی۔ ماہانہ بنیادوں پر دسمبر2022 میں مہنگائی کی شرح میں 0.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ دسمبر 2022 میں مہنگائی 24.5 فیصد ریکارڈ کی گئی،نومبر2022 میں مہنگائی کی شرح 23.8 فیصد تھی، دسمبر2021 میں مہنگائی کی شرح 12.3 فیصد تھی، نومبر2022 میں مہنگائی میں 0.8 فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب نئے سال میں یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی ، آٹے اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ تاہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین قیمتوں میں اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے ۔یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت میں 19 روپے فی کلو جبکہ گھی کی فی کلو قیمت میں 75 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 496 روپے مہنگا ہوگیا ہے ۔
اضافے سے چینی کی قیمت اب 70 روپے سے بڑھ کر 89 روپے فی کلو ہوگئی ۔گھی کی فی کلو قیمت 300 روپے سے بڑھ کر 375 روپے اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800 روپے سے بڑھ کر 1296 روپے کا ہوگیا۔ ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین قیمتوں میں اضافے سے مستثنیٰہوں گے جن کے لیے چینی فی کلو 70 روپے، گھی کی قیمت 300 روپے فی کلو ہوگی۔
بی آئی ایس پی مستحقین کو آٹے کے 10 کلو کا تھیلا 400 روپے اور دیگر شہریوں کو 648 روپے میں دیا جائے گا۔یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم پیکج کے تحت ماہانہ خریداری کی حد میں بھی کمی کردی گئی ہے جس کے بعد چینی اور گھی کی ماہانہ خریداری کی حد 5 سے کم کرکے 3 کلو مقرر کردی گئی ہے جبکہ آٹے کی ماہانہ خریداری کی حد 40 سے کم کرکے 20 کلو مقرر کردی گئی ۔ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق مستحقین کے لیے سامان کی پرانی حد برقرار رہے گی جس سے وہ ماہانہ 40 کلو تک آٹا خرید سکیں گے جبکہ چینی اور گھی بالترتیب ماہانہ 5، 5 کلو تک خرید سکیں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم پیکج کے تحت 31 دسمبر تک یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی، آٹے اور چینی کی قیمتیں تمام شہریوں کے لیے یکساں تھیں مگر اب ان قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین تینوں چیزیں پرانی قیمتوں پر خرید سکیں گے جبکہ دیگر صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ پیکج کے تحت آٹے، گھی اور چینی کی قیمتوں میں تمام شہریوں کو سبسڈی دی جارہی تھی جس میں تبدیلی کردی گئی ہے۔