معیشت سے متعلق سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی سفارش ملک کے ڈیفالٹ کرنے کے بیانیہ کو دشمن کا ایجنڈا قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کی تجویز دے دی گئی

 ملکی معیشت سے متعلق سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی سفارش کردی گئی۔ سما نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گزشتہ روز ہوئے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی معیشت کے حوالے سے مشاورت کی گئی، اس دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اجلاس کو ملکی معیشت سے متعلق بریف کیا، جس میں انہوں نے پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے چند ہفتوں میں معاشی حالت بہتر ہونے کا یقین دلایا۔

ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ اجلاس میں شرکاء نے ملک کے ڈیفالٹ کرنے کے بیانیہ کو دشمن کا ایجنڈا قرار دیا، شرکاء نے اس غیرملکی ایجنڈے کا حصہ بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی تجویز دی اور سوشل میڈیا پر معیشت سے متعلق منظم مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا کہ قومی سلامتی کمیٹی پیر کو ہونے والے اجلاس میں ملکی معیشت اور سلامتی کے حوالے سے واضح گائیڈ لائنز کی منظوری دے گی، اجلاس میں دہشت گردوں کے خاتمے کيلئے نیا آپریشن پلان بھی پیش کیا جاسکتا ہے اور قومی سلامتی کمیٹی سے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں کی منظوری لی جائے گی۔

اسی حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے یقین دلایا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں ہے، اسحاق ڈار نے شواہد پیش کیے کہ یہ لوگ ملک کو ڈیفالٹ کرانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں، پی ٹی آئی ملک دشمن عناصر سے مل کر پاکستان کے اندر اور بیرون ملک مہم جوئی کررہی ہے لیکن آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر آئندہ 2 سے 3 ہفتوں میں پاکستان کو مل جائیں گے اور اسحاق ڈار نے اجلاس میں کہا 15جنوری تک تمام معاشی مشکلات حل ہوجائیں گی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں