لاہور کے زمان پارک کے قریب سکینڈری اسکول ایجوکیٹرز کا احتجاج،عمران خان کی رہائش گاہ جانے والے راستوں پراینٹی رائٹس کے دستے تعینات کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق زمان پارک کے سامنے سکینڈری اسکول ایجوکیٹرز کے احتجاج کی وجہ سے اینٹی رائٹس کے دستے پہنچ گئے ہیں،عمران خان کے گھر جانے والے راستوں پر دستے تعینات کر دئیے گئے ہیں۔
زمان پارک کے باہر واٹر کینین اور قیدیوں والی وین بھی پہنچا دی گئی۔ یاد رہے کہ دو روز قبل بھی سکینڈری اسکول ایجوکیٹرز نے ملازمتوں پر مستقلی کیلئے دھرنا دیا تھا اور مظاہرین کو دو روز میں مطالبات کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب مظاہرین نے دھرنا دیا،مظاہرین نے 4 گھنٹے تک اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دئیے رکھا،دھرنے کے باعث کینال روڈ،مال روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔
کینال روڈ اور مال روڈ سمیت ملحقہ سڑکوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اسد ملہی نے کہا کہ مظاہرین نے زمان پارک کینال روڈ پر دھرنا دیا جس کی وجہ سے کینال روڈ مال پل سے دھرمپورہ مکمل بند رہا،مال روڈ سے ہر قسم کی ٹریفک کو ڈیوس چوک اور کینٹ ڈائیورٹ کروایا گیا،دو روز سے دھرنوں اور احتجاج کے باعث ٹریفک تعطل کا شکار رہی،اچھرہ پل کی طرف سے کینال روڈ ہیوی،سلو موونگ کی ڈائیورشن لگائی۔
یاد رہے کہ وزیر آباد واقعہ کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان زمان پارک میں واقع گھر میں ہی قیام پذیر ہیں لیکن اب چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔عمران خان نے جنوری کے پہلے ہفتے میں بنی گالا جانے کا ارادہ کیا ہے۔عمران خان نے پارٹی قیادت کو بنی گالا آنے سے متعلق آگاہ کر دیا۔عمران خان کی آمد کے لیے بنی گالا سیکرٹریٹ کو بھی آگاہ کر دیا گیا،بنی گالا سیکرٹریٹ کو انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایات دے دی گئیں۔